کوہاٹ سمیت خیبرپختونخوا کے تمام تعلیمی بورڈز کے زیر اہتمام میٹرک کے سالانہ امتحانات دوم دوسری مرتبہ ملتوی کر دیے گئے ہیں۔ یہ امتحانات 12 اکتوبر سے شروع ہونے والے تھے تاہم صوبے میں ہنگامی صورت حال کے پیش نظر صوبے کے تمام آٹھ تعلیمی بورڈز نے امتحانات تاحکم ثانی ملتوی کرنے کے الگ الگ اعلامیے جاری کر دئیے ہیں۔متعلقہ تعلیمی بورڈز کے مطابق امتحانات کے نئے شیڈول اور آئندہ لائحہ عمل سے طلبہ و طالبات، والدین اور تعلیمی اداروں کو بعد ازاں آگاہ کیا جائے گا۔ طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نظرثانی شدہ شیڈول اور مزید ہدایات کے لیے اپنے متعلقہ بورڈز کے سرکاری اعلانات پر نظر رکھیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ کے باعث 7 اکتوبر سے شروع ہونے والے میٹرک کے سالانہ امتحانات دوم کے ابتدائی چار پرچے ملتوی کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ بعدازاں نظرثانی شدہ شیڈول کے تحت امتحانات 12 اکتوبر سے شروع ہونا تھے تاہم موجودہ ہنگامی صورتِ حال کے باعث انہیں ایک بار پھر غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔ادھر تعلیمی اداروں کی بندش کے حوالے سے صورت حال مختلف رہی۔ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، سوات، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، بنوں اور کرک میں مقامی انتظامیہ نے پیر کے روز جامعات، کالجوں اور دیگر سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کی بندش کے اعلانات کیے تھے تاہم کوہاٹ، ہنگو، اورکزئی اور کرم میں تمام سکول کھلے رہے جبکہ کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بند رہی







