نو تعینات ڈپٹی کمشنر پشاور آفاق وزیر نے عہدہ سنبھالنے کے بعد ضلعی انتظامیہ پشاور کے افسران کے ساتھ تعارفی اجلاس منعقد کیا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران انتظامی افسران نے اپنے اپنے علاقوں اور کارکردگی کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور کو بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر پشاور آفاق وزیر نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ایمانداری، دیانت داری اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں اور عوامی خدمت کو اپنا نصب العین بنائیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام افسران اپنے ماتحت اہلکاروں کو عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کریں۔انھوں نے کہا کہ کمشنر پشاور ڈویژن کے احکامات کی روشنی میں تجاوزات کے مستقل خاتمے، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے، گرانفروشی کی روک تھام اور عوام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔







