ویب ڈیسک: جنوبی کوریا کے ساحلی شہر بوسان کی ایک نہر میں پھنسی شارک کو تین ہفتے گزرنے کے باوجود ریسکیو نہیں کیا جاسکا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق تقریباً 3.5 میٹر لمبی شارک کو پہلی مرتبہ 18 ستمبر کو نارتھ پورٹ کے ایک تنگ آبی راستے میں دیکھا گیا تھا، جہاں وہ پھنس گئی تھی۔
شارک کو کھلے سمندر میں واپس پہنچانے کے لیے رواں ہفتے جمعہ کو دوسری مرتبہ ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا، تاہم یہ کوشش بھی کامیاب نہ ہوسکی۔
رپورٹس کے مطابق ریسکیو ٹیموں نے شارک کو باہر نکالنے کے لیے جال استعمال کیا۔ تقریباً دو گھنٹے کی کوشش کے بعد آپریشن روک دیا گیا کیونکہ جال کے چٹانوں میں پھنسنے کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا۔
ریسکیو ٹیموں نے امید ظاہر کی ہے کہ شارک خود تیر کر نہر سے نکلتے ہوئے کھلے سمندر میں پہنچ جائے گی۔
شارک کے تین ہفتوں سے نہر میں موجود ہونے کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد اسے دیکھنے کے لیے وہاں پہنچ رہی ہے۔







