سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹر حاجی دلاور خان نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی مجموعی کارکردگی، افسران کی ترقیوں کے طریقہ کار، ضبط شدہ سگریٹ کے غائب ہونے اور پالیسی سازی کے عمل پر سخت سوالات اٹھائے ہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین ایف بی آر کی ذاتی دیانت داری اپنی جگہ درست ہے اور وہ اپنے ریڈار میں آنے والے معاملات پر فوری کارروائی بھی کرتے ہیں، تاہم ادارے کے نچلے درجے اور فیلڈ سطح پر ہونے والی بے ضابطگیوں اور کرپشن کا مؤثر احتساب نہ ہونا انتہائی تشویش ناک ہے۔قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں دیگر کے علاوہ چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال بھی شریک ہوئے۔سینیٹر حاجی دلاور خان نے سرکاری افسران کی سالانہ کارکردگی رپورٹس اور پروموشن کے موجودہ نظام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 99 فیصد افسران کی اے سی آرز کو "آؤٹ اسٹینڈنگ” قرار دے دیا جاتا ہے، جنہیں اثر و رسوخ اور سفارش کے ذریعے اپنے حق میں درست کروا لیا جاتا ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ سینٹرل سلیکشن بورڈ میں مسلح افواج کے پروموشن بورڈز جیسا سخت اور شفاف نظام اپنایا جائے تاکہ ناقص کارکردگی یا خراب اے سی آر کی صورت میں افسر کو روکا جا سکے اور آئندہ بورڈز میں سفارش کے ذریعے معاملات کو مینج نہ کیا جا سکے۔اجلاس میں انہوں نے صوابی اور مردان کے علاقوں میں سرکاری گودام سے ضبط شدہ تقریباً 30 کروڑ روپے مالیت کے سگریٹ کے ایک پرائیویٹ گودام میں منتقل ہونے اور بعد ازاں مال غائب ہو جانے کا معاملہ بھی اٹھایا۔ سینیٹر حاجی دلاور خان کا کہنا تھا کہ اتنی بڑی مقدار میں سرکاری اور ضبط شدہ مال کی نقل و حمل اور غائب ہونے کا معاملہ کسی معمولی اہلکار کے بس کی بات نہیں ہو سکتی، اور اس کی انکوائری کے دوران پولیس اور متعلقہ فورمز پر دباؤ و سفارشات کے باعث کارروائی متاثر ہوئی، جسے بعد ازاں انٹیریئر کمیٹی تک لے جایا گیا۔انہوں نے ایف آئی اے کی انکوائری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تحقیقات میں ڈپٹی کمشنر یا متعلقہ افسر کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا، جبکہ نچلے درجے کے انسپکٹرز اور حوالدار بے قصور ہونے کے باوجود ایف آئی آر، ضمانت اور قانونی کارروائیوں میں پھنسے رہے۔ ان کے مطابق سرکاری گوداموں سے نجی جگہوں پر مال منتقل کرنے کا اختیار اور اصل ذمہ دار کا تعین اہم سوالات ہیں، اس لیے اس معاملے کی الگ، شفاف اور غیر جانبدارانہ انکوائری کروائی جانی چاہیے۔سینیٹر حاجی دلاور خان نے پالیسی سازی کے عمل پر بھی شکوہ کیا کہ قوانین اور پالیسیاں بناتے وقت متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت نہیں کی جاتی۔ انہوں نے کہا کہ اگر مشاورت کی گئی ہوتی تو نو اضلاع کے تمباکو کے کاشتکاروں کو اتنا بڑا معاشی نقصان نہ اٹھانا پڑتا۔ ان کے بقول جو فصل بہتر نرخ پر بک سکتی تھی، وہ کم داموں پر فروخت ہوئی یا کاشتکاروں کو مجبوراً اپنا تمباکو جلانا پڑا، جبکہ ملٹی نیشنل کمپنیوں کو بڑا مالی فائدہ پہنچا اور کسانوں کی شنوائی نہ ہو سکی۔







