بالی ووڈ کے معروف اداکار امیتابھ بچن نے اپنے بیٹے ابھیشیک بچن کے ساتھ تعلق اور نئی نسل کے خیالات کے احترام پر اظہار خیال کیا ہے۔
امیتابھ بچن نے اپنے حالیہ بلاگ میں لکھا کہ باپ اور بیٹا ایک ہی اسٹیج پر ساتھ بیٹھ سکتے ہیں اور ان کے خیالات ایک دوسرے سے مختلف ہوسکتے ہیں، تاہم ان کی منزل ایک ہی رہتی ہے۔
83 سالہ اداکار نے نئی نسل کے خیالات اور نقطۂ نظر کا احترام کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ زندگی کے مختلف راستوں کا مقصد ایسی مشترکہ منزل تلاش کرنا ہونا چاہیے جو سب کے لیے بہتر ہو۔
ان کے مطابق باہمی تعلق میں محبت، احترام، تلاش، دریافت اور ایک دوسرے کو سمجھنے کی کوشش بنیادی اہمیت رکھتی ہے، جبکہ خیرخواہوں کی محبت بھی اس رشتے کا حصہ ہے۔
امیتابھ بچن ان دنوں معروف کوئز ریئلٹی شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کے 18ویں سیزن کی میزبانی کر رہے ہیں۔
اداکار آخری مرتبہ رجنی کانت کے ساتھ فلم ’ویٹایان‘ میں نظر آئے تھے۔ وہ ’کَلکی 2898 اے ڈی‘ کے سیکوئل میں اشوتھاما کے کردار میں دوبارہ جلوہ گر ہوں گے، جس میں پربھاس اور کمل ہاسن بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب ابھیشیک بچن حال ہی میں رتیش دیش مکھ، جنیلیا ڈیسوزا، سنجے دت، ودیا بالن اور فردین خان کے ساتھ فلم ’راجا شیواجی‘ میں نظر آئے ہیں۔







