10 ہزار کے تنازع پر ملازم نے ٹیکسٹائل مارکیٹ جلا دی

بھارت میں ایک ملازم نے بقایا تنخواہ کے 10 ہزار روپے نہ ملنے پر مبینہ طور پر انتقامی کارروائی کرتے ہوئے ٹیکسٹائل مارکیٹ میں آگ لگا دی، جس کے نتیجے میں تقریباً 24 کروڑ بھارتی روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔

واقعہ بھارتی ریاست گجرات کے شہر سورت میں 8 اور 9 ستمبر کی درمیانی شب پیش آیا۔ ٹیکسٹائل مارکیٹ کی چھٹی منزل پر اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس پر تقریباً 14 گھنٹے بعد قابو پایا گیا۔

سورت کی ٹیکسٹائل مارکیٹوں میں بڑی مقدار میں کپڑا ذخیرہ کیے جانے کے باعث آتشزدگی کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں، اسی وجہ سے ابتدائی طور پر اس واقعے کو بھی حادثہ سمجھا گیا۔

تاہم پولیس کی تفتیش کے دوران سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا گیا، جس میں چہرے پر رومال باندھے ایک شخص کو کپڑوں کے گٹھوں پر آتش گیر مائع چھڑک کر آگ لگاتے دیکھا گیا۔ واردات کے بعد ملزم موٹر سائیکل پر فرار ہوگیا۔

پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کی شناخت ونود پنڈت ساولے کے نام سے کی۔ پولیس کے مطابق ونود سورت کی دکان نمبر 639 میں قائم جگدمبا ٹیکسٹائلز میں اکاؤنٹنٹ کے طور پر کام کرتا تھا اور اسے ماہانہ 30 ہزار روپے تنخواہ ملتی تھی۔

ملازمت چھوڑنے کے بعد ونود کا اپنے سابق آجر ہنومان پرساد سے بقایا 10 ہزار روپے کی تنخواہ کی ادائیگی پر تنازع ہوگیا تھا۔

سورت کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس کرائم کرن راج واگیلا کے مطابق ونود نے بقایا رقم نہ ملنے پر مبینہ طور پر انتقامی کارروائی کی اور کپڑوں کے گٹھوں کو آگ لگا دی۔

پولیس کے مطابق ملزم نے ڈنڈولی کے ایک پٹرول پمپ سے 150 روپے کا پٹرول خریدا اور شیام سانگنی ٹیکسٹائل مارکیٹ میں دکان کے باہر رکھے کپڑوں کے پارسلوں پر چھڑک کر انہیں آگ لگا دی۔

واردات کے بعد ونود راجستھان کے کھاٹو شیام مندر اور پھر ایودھیا چلا گیا۔ بعد ازاں سورت واپس آتے ہوئے پولیس نے اسے ڈنڈولی پارک کے قریب گرفتار کرلیا۔

تفتیش کے مطابق واقعے کی رات وہ تقریباً 9 بجے ٹیکسٹائل مارکیٹ پہنچا اور دکان بند ہونے تک پانچویں منزل پر موجود رہا۔ آجر کے وہاں سے جانے کے بعد اس نے آگ لگائی اور اگلے روز اپنی شناخت ظاہر ہونے کا خدشہ پیدا ہونے پر موبائل فون بند کردیا۔

پولیس کے مطابق گرفتاری کے بعد ونود نے بتایا کہ اس کے سابق آجر نے 10 ہزار روپے کی بقایا تنخواہ روک رکھی تھی اور اسے سب کے سامنے ڈانٹا بھی تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے متعدد مرتبہ فون اور ملاقات کے ذریعے اپنی رقم کا مطالبہ کیا، تاہم اسے مبینہ طور پر ٹرخایا جاتا رہا، جس کے بعد اس نے سابق آجر کو سبق سکھانے کے لیے آگ لگانے کا منصوبہ بنایا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed