غضنفر بلور کی قیادت میں بزنس مین فورم متحد ہے، جنید الطاف

سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر جنید الطاف، سینئر نائب صدر ندیم رئوف اور نائب صدر صابر بنگش نے کہا ہے کہ غضنفر بلور کی قیادت میں بزنس مین فورم کے تمام اراکین متحد و متفق ہیں اور کاروباری برادری کی بہترین نمائندگی کے لیے اتفاق و اتحاد کے ساتھ اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں اور صنعتکاروں کے مسائل کے حل اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہر سطح پر بھرپور آواز بلند کی جائے گی۔اپنے مشترکہ اخباری بیان میں چیمبر عہدیداران نے کہا کہ تاجر برادری نے حالیہ انتخابات میں بزنس مین فورم کی قیادت اور امیدواروں پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، وہ فورم کی ماضی کی خدمات اور کاروباری برادری کیلئے جذبہ خدمت کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس مین فورم کی قیادت تاجروں کے اعتماد پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی اور کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے متعلقہ فورمز پر مثر انداز میں آواز اٹھائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بزنس مین فورم کا خدمات پر مبنی طویل سفر ہے جو ہمیشہ کاروباری برادری کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کے لیے وقف رہا ہے۔ فورم نے ماضی میں بھی تاجروں اور صنعتکاروں کے مسائل متعلقہ حکام کے سامنے اٹھائے اور مستقبل میں بھی اسی جذبہ خدمت کے تحت کاروباری افراد کی بہترین نمائندگی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔جنید الطاف، ندیم رئوف اور صابر بنگش نے کہا کہ پشاور سمیت خیبرپختونخوا کی کاروباری برادری کو بجلی، گیس، ٹیکسز، توانائی کی قیمتوں، پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں اور دیگر مسائل کا سامنا ہے۔ ان مسائل کے باعث کاروباری سرگرمیاں اور پیداواری لاگت متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں اور صنعتکاروں کے مسائل وفاقی و صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کے سامنے مثر انداز میں پیش کیے جائیں گے اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کی کوشش کی جائے گی۔چیمبر عہدیداران نے کہا کہ تاجروں کا وہ گلدستہ جسے سینیٹر الیاس احمد بلور مرحوم نے طویل عرصہ قبل سجایا تھا، اس میں مزید پھول شامل کرتے ہوئے کاروباری برادری کو متحد رکھا جائے گا۔ انہوں نے سینیٹر الیاس احمد بلور مرحوم کی خدمات کو خراج تحسین و خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری اور سرحد چیمبر کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed