امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ایک سائنسدان نے سروے کے دوران اتفاقا تقریبا 10 ہزار سال قدیم ماسٹوڈون (ہاتھی نما جانور) کا دانت دریافت کرلیا، جسے قدیم پیسیفک ماسٹوڈون سے منسوب کیا جا رہا ہے۔ارضی ساخت اور زمین کی سطح کا مطالعہ کرنے والی ماہرِ ارضیات بریجڈ لنچ ریاست میں خطرے سے دوچار ریڈ لیگڈ مینڈک کے مسکن کو بہتر بنانے کے منصوبے کے سلسلے میں ایک نالے کا جائزہ لے رہی تھیں۔بریجڈ کے مطابق وہ نالے کی تہہ میں موجود چٹانوں کا سروے کر رہی تھیں کہ اچانک انہیں ایک عجیب شکل کی چیز نظر آئی۔ انہوں نے اس کی تصویر بنائی اور معمول کے مطابق اپنا سروے جاری رکھا، اس وقت انہیں اندازہ نہیں تھا کہ یہ ایک غیر معمولی تاریخی دریافت ہے۔اگلے روز تصویر کا جائزہ لیتے ہوئے بریجڈ نے محسوس کیا کہ یہ دراصل ایک غیر معمولی حد تک محفوظ قدیم دانت ہے۔ماہرین کے مطابق یہ دانت ایک قدیم پیسیفک ماسٹوڈون کا تھا، تحقیق کے مطابق یہ ماسٹوڈون اپنی زندگی کے تقریبا 40 ویں برس میں تھا۔







