وفاقی دارالحکومت کے راول ڈیم میں ہزاروں مچھلیاں ہلاک ہوگئیں، بنی گالا اور ڈھوکڑی چوک کے اطراف پانی کی سطح پر مردہ مچھلیوں کے ڈھیر لگ گئے ،جبکہ تعفن کے باعث مقامی شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔رپورٹ کے مطابق شہریوںکا کہنا ہے کہ کئی روز سے مردہ مچھلیاں کناروں پر آ رہی ہیں۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال بھی مبینہ طورپرزہریلے کیمیکل کے باعث سیکڑوں مچھلیاں ہلاک ہوئی تھیں،تاہم ذمہ داروں کیخلاف موثر کارروائی نہ ہونے سے صورتحال دوبارہ پیدا ہو گئی۔ماہرین نے خبردارکیاہے کہ اگر پانی میں آلودگی یا زہریلے مادوں کی بروقت تحقیقات نہ کی گئیں تو اس کے اثرات صرف آبی حیات تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ انسانی صحت بھی خطرات سے دوچار ہو سکتی ہے۔ضلعی انتظامیہ کے محکمہ فشریز کے مطابق ابتدائی طور پرمچھلیوں کی ہلاکت کی وجہ ڈیم میں پانی کی کمی اورگرمی کی شدت معلوم ہوئی ہے،البتہ مزیدتحقیقات بھی کی جائیں گی تاکہ یہ معلوم کیاجاسکے کہ کہیں پانی میں کوئی کیمیکل تو شامل نہیں کیا گیا۔







