ویمن یونیورسٹی مردان اور سرحد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی پشاور نے تعلیمی تعاون، تحقیق، اختراعات اور ادارہ جاتی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے۔ایم او یو پر دستخط پروفیسر ڈاکٹر رضیہ سلطانہ،وائس چانسلر، ویمن یونیورسٹی مردان، اور پروفیسر ڈاکٹر سلیم الرحمان،وائس چانسلر سرحد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی موجودگی میں حلیمہ اکرام، ڈائریکٹر او آر آئی سی ویمن یونیورسٹی مردان اور علی اختر شنواری، ڈائریکٹر ایڈمیشنزسرحد یونیورسٹی نے کئے،یہ معاہدہ طلبا اور فیکلٹی کے تبادلے کے پروگراموں، مشترکہ تحقیق، تعلیمی کانفرنسوں، سیمینارز، ورکشاپس، اختراعات، انٹرپرینیورشپ، انٹرن شپ، صلاحیت بڑھانے کے اقدامات، اور دونوں یونیورسٹیوں کے او آر آئی سیز کے ذریعے علم کے تبادلے کے لیے ایک فریم ورک قائم کرتا ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر رضیہ سلطانہ اور پروفیسر ڈاکٹر سلیم الرحمن نے تعلیمی شراکت داری کو مضبوط بنانے اور طلبا اور فیکلٹی ممبران کے لیے زیادہ مواقع پیدا کرنے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ حلیمہ اکرام نے کہا کہ یہ ایم او یو ویمن یونیورسٹی مردان کی تحقیق، اختراعات اور اسٹریٹجک ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔اس شراکت داری سے دونوں اداروں کے درمیان طویل مدتی تعاون کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ تعلیمی فضیلت، تحقیقی پیداواری صلاحیت اور پیشہ ورانہ ترقی کی توقع ہے۔







