سوات کی تحصیل بریکوٹ کے علاقے ابوہا، حدود تھانہ غالیگے میں نامعلوم مسلح ملزمان نے ایک کار پر گھات لگا کر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں دو چچازاد بھائی جاں بحق جبکہ ایک ہیڈ کانسٹیبل اور ان کی اہلیہ زخمی ہو گئے۔ ڈی ایس پی بریکوٹ سرکل سید رحیم خان کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت محمد ابراہیم ولد شیر افضل اور دوا خان ولد کریم خان ساکنان لوند خوڑ ضلع مردان،کے ناموں سے ہوئی ہیاور دونوں آپس میں چچازاد بتائے جاتے ہیں ، جبکہ زخمیوں میں عمر علی، جو سی پیک سکیورٹی پر تعینات ہیڈ کانسٹیبل ہیں، اور ان کی اہلیہ مسماة(ش)شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر سیدو ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ لاشوں کو قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے بریکوٹ ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق متاثرین پنجاب رجسٹریشن نمبر BQM-740 کار میں سوار تھے اور مینگورہ سے واپس مردان جارہے تھے کہ ابوہا کے مقام پر پہلے سے گھات لگائے ملزمان نے ان پر فائرنگ کر دی۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ مقتولین کرنسی ڈیلر تھے اور ان کے قبضے سے تقریبا3 کروڑ روپے بھی چھین لیے گئے، جس کے بعد واقعے کو ڈکیتی کے ساتھ قتل کی واردات قرار دے کر مختلف پہلوں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ پولیس نے مردان کے رہائشی تین نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی اصل وجہ اور دیگر محرکات کا تعین تفتیش مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔







