سانحہ ریڈیو پاکستان ‘ اسمبلی کمیٹی نے پولیس رپورٹ کو غیر تسلی بخش قرار دیدیا

خیبر پختونخوا اسمبلی کی خصوصی کمیٹی برائے سانحہ ریڈیو پاکستان پشاور کا پانچواں اجلاس پیر کے روز صوبائی اسمبلی سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین خصوصی کمیٹی و وزیر برائے قانون افتاب عالم نے کی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر ریوینیو اینڈ سٹیٹ طارق محمود اریانی معاون خصوصی برائے فوڈ محمد اسرار کمیٹی کے ممبران اور صوبائی اسمبلی کے ارکان طارق سعید،اور عدنان خان نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ محکمہ پولیس، محکمہ داخلہ، محکمہ قانون، ایڈووکیٹ جنرل ، اسپیشل پراسیکیوٹر اور صوبائی اسمبلی سیکریٹریٹ کے ڈپٹی سیکریٹری طارق نور بمع متعلقہ افسران بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس میں سانحہ ریڈیو پاکستان پشاور سے متعلق مقدمات کی تفتیشی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین اور کمیٹی کے اراکین نے یاد دلایا کہ گزشتہ اجلاس میں محکمہ پولیس کو ایک جامع پروفارمہ فراہم کیا گیا تھا، جس میں مرحلہ وار تفتیش، نامزد اور بعد ازاں شامل کیے گئے ملزمان کا مکمل ریکارڈ، ان کے خلاف دستیاب شواہد، شواہد کے ذرائع، چالان جمع کرانے سے قبل تحقیقات کی کیفیت، دستیاب وسائل کے استعمال، مقدمات کی موجودہ قانونی حیثیت، بری، سزا یافتہ اور زیرِ سماعت ملزمان کی تفصیلات، سی سی ٹی وی فوٹیج، دیگر شواہد، تحویلِ شواہد اور جائے وقوعہ سے متعلق تمام ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔محکمہ پولیس نے اجلاس میں مذکورہ پروفارمے کے مطابق اپنی رپورٹ پیش کی، تاہم کمیٹی کے اراکین رپورٹ میں فراہم کردہ معلومات کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے اس پر اطمینان کا اظہار نہ کر سکے۔ چیئرمین خصوصی کمیٹی افتاب عالم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مقررہ پروفارمہ کو اس کی اصل روح اور تمام مطلوبہ نکات کے مطابق ازسرِنو مکمل کیا جائے تاکہ کمیٹی کو جامع، درست اور قابلِ تصدیق معلومات فراہم کی جا سکیں۔چیئرمین خصوصی کمیٹی نے واضح کیا کہ سانحہ ریڈیو پاکستان پشاور ایک اہم عوامی نوعیت کا معاملہ ہے، لہذا اس کی تحقیقات میں شفافیت، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے محکمہ پولیس کو ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس میں مکمل، مفصل اور مستند رپورٹ پیش کی جائے تاکہ کمیٹی حقائق کی روشنی میں اپنی سفارشات مرتب کر سکے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed