باجوڑ ‘محکمہ جنگلی حیات کا خونخوار تیندوے کو مارڈالنے کا نوٹس

خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں مقامی افراد نے ان کے جانوروں کو مار کر کھا جانے والے تیندوے کو جان سے مار دیا۔محکمہ جنگلی حیات خیبر پختونخوا نے ضلع باجوڑ کے سرحدی علاقے سپرے، مندوگئی، تحصیل وارہ ماموند میں ایک تیندوے کے غیر قانونی شکار کے افسوسناک واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری تحقیقات اور ذمہ دار عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ڈویژنل فارسٹ آفیسر وائلڈ لائف باجوڑ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ افغانستان کی سرحد سے متصل ایک دشوار گزار اور دور افتادہ پہاڑی علاقے میں پیش آیا۔اطلاع موصول ہوتے ہی متعلقہ رینج آفیسر اور فیلڈ اسٹاف کو فوری طور پر جائے وقوعہ روانہ کیا گیا تاکہ تیندوے کی لاش تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کیا جاسکے۔محکمہ جنگلی حیات حکام کا کہنا ہے کہ تیندوے کی لاش ریکور کرنے کے لئے اقدامات کررہے ہیں، امن و امان کے باعث پولیس نے مکمل ٹیم جانے کی اجازت نہیں دی۔ان کا کہنا تھا کہ چند اہلکاروں کو تیندوے کی لاش کی ریکوری کے لیے آگے جانے کی اجازت ملی ہے، موبائل نیٹ ورک نہ ہونے کے باعث رابطے میں بھی مشکلات درپیش ہیں۔محکمہ موسمیاتی تبدیلی، جنگلات، ماحولیات و جنگلی حیات خیبرپختونخوا کے ترجمان لطیف الرحمن نے کہا ہے کہ جنگلی حیات قدرت کا انمول سرمایہ اور ہماری حیاتیاتی تنوع کی بنیاد ہے۔خیبر پختونخوا وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ نایاب اور محفوظ جنگلی جانوروں کے تحفظ کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی جنگلی جانور کے غیر قانونی شکار، اسمگلنگ یا قدرتی مسکن کو نقصان پہنچانے والوں کے ساتھ قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed