پشاور ہائی کورٹ نے صوبائی وزیر برائے ہائیر ایجوکیشن مینا خان آفریدی کے نام ای سی ایل/پی سی ایل میں شامل کرنے اور پاسپورٹ بلاک کرنے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت 24 جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے رپورٹ طلب کر لی۔درخواست کی سماعت جسٹس وقار احمد اور جسٹس انعام اللہ خان پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔سماعت کے دوران وفاقی حکومت کی جانب سے مزید وقت کی استدعا کی گئی۔ اٹارنی جنرل آفس نے عدالت کو بتایا کہ متعلقہ خفیہ رپورٹ آئندہ سماعت پر جمع کرائی جائے گی۔درخواست گزار کے وکیل بشیر خان وزیر ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ مینا خان آفریدی صوبائی وزیر برائے ہائیر ایجوکیشن ہیں اور انہیں جرمنی کے سفارت خانے کی جانب سے ایک یونیورسٹی کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔ تاہم، جب وہ سفر کے لیے ائیرپورٹ پہنچے تو انہیں روک دیا گیا۔وکیل نے موقف اختیار کیا کہ حکومت خود تسلیم کر چکی ہے کہ درخواست گزار کا نام پی این آئی ایل کے علاوہ کسی اور فہرست میں شامل نہیں، اس کے باوجود انہیں بیرونِ ملک سفر سے روکا گیا۔اس پر اٹارنی جنرل آفس نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ اس معاملے پر تفصیلی رپورٹ آئندہ سماعت پر پیش کی جائے گی۔عدالت نے وفاقی حکومت سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے درخواست کی مزید سماعت 24 جولائی تک ملتوی کر دی







