شانگلہ میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی ادائیگیوں کا نیا نظام نافذکردیاگیا، جولائی سے اقساط سوشل پروٹیکشن والیٹ کے ذریعے جاری ہوں گی۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے مستحق خواتین کو مالی امداد کی ادائیگی کے نظام میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے سوشل پروٹیکشن والیٹ کے ذریعے رقوم کی فراہمی کا نیا طریقہ کار نافذ کر دیا ہے۔ ادارے کے مطابق جولائی 2026 سے مستحقین کی تمام نئی اقساط سابقہ محدود اختیارات والے اکانٹ کے بجائے سوشل پروٹیکشن والیٹ میں منتقل کی جائیں گی۔بی آئی ایس پی کے مطابق جن مستحقین کے سابقہ اکانٹس میں پہلے سے رقم موجود ہے وہ بعد ازاں ادارے کی جانب سے جاری کیے جانے والے طریقہ کار کے مطابق ادا کی جائے گی۔ مستحقین کو ہدایت کی گئی ہیں کہ وہ سب سے پہلے معلوم کریں کہ ان کا سوشل پروٹیکشن والیٹ کس مرحلے میں ہے۔ اس بارے میں معلومات 8171 سروس یا متعلقہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے دفتر سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔ادارے نے مستحقین کو تین درجوں میں تقسیم کیا ہے۔پہلے درجے میں وہ مستحقین شامل ہیں جن کا سوشل پروٹیکشن والیٹ پہلے ہی فعال ہو چکا ہے۔ یہ وہ خواتین ہیں جنہیں مارچ 2026 سے قبل بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی جانب سے مخصوص سم موصول ہو چکی تھی اور وہ اپنی بائیومیٹرک تصدیق بھی مکمل کر چکی ہیں۔ ایسے مستحقین کی نئی قسط براہ راست ان کے سوشل پروٹیکشن والیٹ میں منتقل کر دی جائے گی اور انہیں 8171 سے اطلاع بھی موصول ہوگی۔ رقم وصول کرنے کے لیے صرف اصل قومی شناختی کارڈ اور رجسٹرڈ موبائل نمبر کے ساتھ متعلقہ بینک کے مجاز ادائیگی مرکز سے رجوع کرنا ہوگا۔ ادارے نے واضح کیا ہے کہ رقم فوری طور پر نکلوانا ضروری نہیں کیونکہ یہ محفوظ رہے گی تاہم اکانٹ کو فعال رکھنے کے لیے ہر چھ ماہ بعد کم از کم ایک مرتبہ بائیومیٹرک تصدیق کرانا لازمی ہوگا۔دوسرے درجے میں وہ مستحقین شامل ہیں جنہیں مخصوص سم تو موصول ہو چکی ہے مگر بائیومیٹرک تصدیق نہ ہونے کے باعث ان کا سوشل پروٹیکشن والیٹ ابھی تک فعال نہیں ہو سکا۔ ایسے مستحقین کی قسط بھی ان کے والیٹ میں منتقل کر دی جائے گی تاہم رقم اسی وقت وصول کی جا سکے گی جب وہ متعلقہ بینک کے مجاز ادائیگی مرکز پر جا کر اصل قومی شناختی کارڈ کے ذریعے بائیومیٹرک تصدیق مکمل کریں گے۔ تصدیق مکمل ہوتے ہی ان کا سوشل پروٹیکشن والیٹ فعال ہو جائے گا اور وہ اپنی امدادی رقم حاصل کر سکیں گے۔ ادارے کے مطابق اگر متعلقہ بینک سہولت فراہم کرے تو مستحقین اپنی ضرورت کے مطابق مکمل یا جزوی رقم بھی نکلوا سکتے ہیں۔تیسرے درجے میں وہ مستحقین شامل ہیں جن کا سوشل پروٹیکشن والیٹ تو تیار ہو چکا ہے لیکن انہیں ابھی تک بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی مخصوص سم موصول نہیں ہوئی۔ ایسے افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پہلے متعلقہ دفتر سے اپنی سم حاصل کریں پھر تقریبا ایک ہفتہ انتظار کریں تاکہ سم کی تصدیق اور والیٹ کے ساتھ اس کا اندراج مکمل ہو سکے۔ 8171 سے تصدیقی پیغام موصول ہونے کے بعد متعلقہ بینک کے مجاز ادائیگی مرکز پر جا کر بائیومیٹرک تصدیق مکمل کریں جس کے بعد ان کا سوشل پروٹیکشن والیٹ فعال ہو جائے گا اور وہ اپنی رقم وصول کر سکیں گے۔بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مطابق سم کے اجرا کے بعد اس کی معلومات متعلقہ اداروں کے ذریعے مرحلہ وار تصدیق کے بعد بینک کو ارسال کی جاتی ہیں جہاں اسے مستحق کے سوشل پروٹیکشن والیٹ سے منسلک کیا جاتا ہے۔ اس تمام عمل کی تکمیل میں تقریبا ایک ہفتہ لگ سکتا ہے۔ادارے نے مستحقین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کسی بھی غیر مصدقہ اطلاع پر یقین نہ کریں صرف 8171 سے موصول ہونے والے سرکاری پیغامات پر اعتماد کریں اور مزید معلومات یا رہنمائی کے لیے اپنے قریبی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے دفتر سے رابطہ کریں۔۔







