ڈبلیو ڈبلیو ای کے معروف ریسلر برونسن ریڈ 38 برس کی عمر میں انتقال کرگئے، ان کی موت کی ممکنہ وجہ سے متعلق مختلف سوالات سامنے آرہے ہیں، تاہم ڈبلیو ڈبلیو ای نے انتقال کی وجہ صرف طبی پیچیدگیاں بتائی ہے۔
ڈبلیو ڈبلیو ای نے 27 نومبر 2026 کو برونسن ریڈ کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ طبی پیچیدگیوں کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے۔ کمپنی کی جانب سے ان کی موت کی مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
رپورٹس کے مطابق برونسن ریڈ 7 نومبر کو سعودی عرب کے شہر ریاض میں منعقدہ کراؤن جیول ایونٹ کے دوران شدید زخمی ہوگئے تھے۔
مقابلے کے دوران ریسلر اوبا فیمی نے انہیں اسٹیج سے نیچے میزوں کے ڈھیر پر پھینکا تھا، جس کے نتیجے میں ان کی متعدد پسلیاں ٹوٹ گئی تھیں جبکہ گردے کو بھی شدید نقصان پہنچا تھا۔
زخموں کی سنگینی کے باعث برونسن ریڈ کو سعودی عرب کے اسپتال میں زیر علاج رکھا گیا، جہاں ان کی سرجری بھی کی گئی۔
بعد ازاں 18 نومبر کو ان کی امریکا واپسی کی اطلاعات سامنے آئیں، جہاں وہ سرجری کے بعد صحت یابی کے مراحل سے گزر رہے تھے۔
تاہم ڈبلیو ڈبلیو ای کی جانب سے ان کی موت کی تصدیق کے باوجود یہ واضح نہیں کیا گیا کہ طبی پیچیدگیاں کس نوعیت کی تھیں۔
تاحال اس بات کی بھی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی کہ برونسن ریڈ کی موت کا براہ راست تعلق کراؤن جیول ایونٹ کے دوران لگنے والی چوٹوں سے تھا۔







