اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سپارکو کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ میں موجود پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی سے ویڈیو کال کے ذریعے براہ راست گفتگو کی۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور چین کے سفیر بھی موجود تھے۔
چیئرمین سپارکو نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سویلین اور عسکری قیادت کی مسلسل سرپرستی اور تعاون کے باعث یہ تاریخی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کو تاریخی خلائی مشن پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن پاکستان کے 24 کروڑ عوام کے لیے فخر کا باعث ہے۔
انہوں نے ذیشان علی کے اہلخانہ اور ساتھیوں کو بھی مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان کو اپنے ان نوجوانوں پر فخر ہے جن کے حوصلے ستاروں سے آگے پرواز کرنے کا جذبہ رکھتے ہیں۔
وزیراعظم نے خلا باز کی تربیت اور مشن کی تیاری میں کردار ادا کرنے والے ماہرین کی خدمات کو بھی سراہا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی محمد ذیشان علی سے براہ راست گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اور مسلح افواج کو پاکستانی خلا باز کی اس کامیابی پر فخر ہے۔
فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ پاکستان کا سپوت خلا تک پہنچا اور اس نے ایک عظیم کامیابی حاصل کی ہے۔
انہوں نے پاکستان اور چین کی دوستی کو بے مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہرے اور شہد سے میٹھے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی اب کائنات کی وسعتوں تک پہنچ چکی ہے۔ چین کے خلائی اسٹیشن پر پاکستانی خلا باز کی موجودگی دونوں ممالک کی اسٹریٹجک شراکت داری کا قابل فخر ثبوت ہے۔
فیلڈ مارشل نے مزید کہا کہ خلا میں پاکستان کی موجودگی نوجوان نسل کے لیے علامہ اقبال کے وژن کی عملی تعبیر ہے۔
دوسری جانب پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کے لیے بڑے اعزاز اور فخر کی بات ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ زمین سے 400 کلومیٹر کی بلندی پر 7.9 کلومیٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
ذیشان علی کے مطابق وہ طے شدہ منصوبے کے تحت اپنی ذمہ داریاں بہترین انداز میں انجام دینے کی کوشش کر رہے ہیں اور چین کے خلائی اسٹیشن پر تحقیقی سرگرمیوں سمیت دیگر فرائض پوری لگن سے سرانجام دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی چینی خلا بازوں کے ہمراہ چین کے خلائی اسٹیشن پر موجود ہیں۔ وہ 25 نومبر کو خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی ہیں اور مشن کے دوران پانچ سے دس روز خلا میں گزاریں گے، جہاں وہ مختلف تحقیقی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیں گے۔







