رحیم یار خان: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سیاسی جماعتوں کو مفاہمت کا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک دوسرے کی حکومتیں گرانے کے بجائے اختلافات بھلا کر عوامی مسائل کے حل کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے، کیونکہ باہمی تعاون سے ہر مسئلے کا حل ممکن ہے۔
رحیم یار خان میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیاسی جماعتیں اگر ایک دوسرے کے خلاف کھینچا تانی میں مصروف رہیں گی تو اس کا نقصان عوام کو ہوگا۔ انتقامی سیاست عوام کے ساتھ ناانصافی ہے، اس لیے نفرت اور تقسیم کی سیاست ترک کرکے عوامی مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو تمام معاملات باہمی رضامندی اور مشاورت سے آگے بڑھانے چاہئیں۔ سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھ کر مسائل کا مقابلہ کیا جائے تو کوئی ایسا مسئلہ نہیں جسے حل نہ کیا جاسکے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ماضی میں سیاسی قیادت سے غلطیاں ہوئیں، تاہم ان سے سبق بھی سیکھا گیا۔ میثاق جمہوریت کے بعد سیاسی جماعتوں نے ایک دوسرے کی حکومتیں گرانے کی سازشوں سے گریز کرنے کا راستہ اختیار کیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کی حکومتیں گرانے کے بجائے عوامی فلاح کے لیے کام کریں تو ملک کے مسائل حل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
تقریب سے خطاب میں انہوں نے ایس آئی یو ٹی منصوبہ جاری رکھنے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ بھی ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں جب پیپلز پارٹی یا مسلم لیگ ن کی حکومت ختم ہوتی تھی تو سابقہ حکومتوں کے شروع کیے گئے منصوبے بھی روک دیے جاتے تھے، تاہم ایس آئی یو ٹی منصوبہ جاری رہنے کی وجہ یہ ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے اس کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مریم نواز نے پہلی خاتون وزیراعلیٰ کی حیثیت سے ایک روایت قائم کی ہے اور وہ بھی اس روایت کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے ایک بار پھر سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ ایک دوسرے کی حکومتیں گرانے کے بجائے اختلافات بھلا کر عوامی مسائل کے حل کو ترجیح دیں۔







