رپورٹ: سید عاصم علی قادری
فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے برطانیہ کو 2035ء کے فیفا ویمنز ورلڈ کپ (خواتین فٹبال ورلڈ کپ) کی میزبانی سونپ دی ہے۔ اس سلسلے میں فیفا کی غیر معمولی کانگریس میں باضابطہ فیصلہ کیا گیا۔ یہ عالمی مقابلہ انگلینڈ، اسکاٹ لینڈ، ویلز اور شمالی آئرلینڈ مشترکہ طور پر منعقد کریں گے۔یہ فیصلہ برطانوی فٹبال کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ برطانیہ میں آخری مرتبہ فیفا کا مردوں کا ورلڈ کپ 1966ء میں منعقد ہوا تھا، جس میں انگلینڈ نے پہلی مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ اس طرح تقریباً 69 سال بعد برطانوی سرزمین پر فیفا کا عالمی فٹبال ورلڈ کپ منعقد ہوگا، تاہم یہ پہلا موقع ہوگا جب برطانیہ خواتین کے فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا۔فیفا کے اعلان کے مطابق 2035ء کا ویمنز ورلڈ کپ 48 قومی ٹیموں پر مشتمل ہوگا، جس میں مجموعی طور پر 104 میچ کھیلے جائیں گے اور مقابلے تقریباً 39 روز جاری رہیں گے۔ برطانوی میزبانی کی مشترکہ بولی میں 16 شہروں اور 22 اسٹیڈیمز کو مجوزہ مقامات کے طور پر پیش کیا گیا ہے، جن میں انگلینڈ کے 16، ویلز کے تین، اسکاٹ لینڈ کے دو اور شمالی آئرلینڈ کا ایک اسٹیڈیم شامل ہے۔ حتمی میزبان شہروں اور اسٹیڈیمز کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔اس سے قبل فیفا نے 2031ء کے خواتین ورلڈ کپ کی میزبانی بھی چار ممالک امریکہ، میکسیکو، کوسٹا ریکا اور جمیکا کو مشترکہ طور پر سونپی ہے۔ یوں دونوں آئندہ ایڈیشنز میں پہلی مرتبہ 48 ٹیمیں شرکت کریں گی۔







