پشاور میں مشیر کھیل و امورِ نوجوانان خیبرپختونخوا ڈاکٹر سید سرفراز علی شاہ نے تاریخی ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم پشاور کا تفصیلی دورہ کیا اور اسٹیڈیم کے مختلف حصوں اور سہولیات کا معائنہ کیا۔
دورے کے موقع پر مشیر کھیل ڈاکٹر سید سرفراز علی شاہ کے ہمراہ سیکرٹری اسپورٹس آصف خان، ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس واصل خان خٹک اور ڈپٹی ڈائریکٹر ارباب نیاز اسٹیڈیم کاشف فرحان سمیت محکمہ کھیل کے دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔
وزٹ کے دوران مشیر کھیل و امورِ نوجوانان نے اسٹیڈیم کے گراؤنڈ، میڈیا سنٹر، ڈریسنگ رومز، وی وی آئی پی بلاک، کرکٹ اکیڈمی اور کھلاڑیوں کے ہاسٹل سمیت مختلف شعبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ارباب نیاز اسٹیڈیم کاشف فرحان نے مشیر کھیل ڈاکٹر سرفراز علی شاہ کو تاریخی کرکٹ اسٹیڈیم کی موجودہ صورتحال، دستیاب سہولیات اور دیگر امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔







