پشاور میں عوام اور پولیس کے درمیان براہِ راست رابطے کو مضبوط بنانے اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے ایس پی صدر ڈویژن فدا حسین کی سربراہی میں تھانہ بڈھ بیر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔
کھلی کچہری میں علاقے کے معززین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے درپیش مسائل و شکایات ایس پی صدر ڈویژن فدا حسین کے سامنے پیش کیں۔ انہوں نے شہریوں کے مسائل توجہ سے سنے اور موقع پر موجود متعلقہ پولیس افسران کو شکایات کے فوری اور میرٹ پر ازالے کے لیے واضح ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر ایس پی صدر فدا حسین نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علاقے سے جرائم کے مکمل خاتمے اور پُرامن معاشرے کے قیام کے لیے عوام کا پولیس کے ساتھ تعاون نہایت ضروری ہے، شہری اپنے گرد و نواح میں مشکوک سرگرمیوں اور جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی کر کے پولیس کا ساتھ دیں۔
کھلی کچہری کے شرکاء نے عوامی مسائل کے حل کے لیے پولیس کے اس اقدام کو سراہا اور علاقے میں امن و امان کے قیام اور جرائم کے خاتمے کے لیے پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔







