پنجاب: صوبائی حکومت نے بچوں کو ہراسانی اور دیگر ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام نجی اسکولوں کے تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی کریکٹر اور پولیس ویری فکیشن لازمی قرار دے دی ہے۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اساتذہ، کلاس فور ملازمین، ڈرائیورز، سکیورٹی گارڈز اور چوکیداروں سمیت نجی تعلیمی اداروں کے تمام ملازمین کی تقرری سے قبل متعلقہ پولیس یا مجاز اتھارٹی سے کریکٹر ویری فکیشن، بیک گراؤنڈ چیکنگ اور سکیورٹی کلیئرنس حاصل کرنا ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ کریکٹر ویری فکیشن مکمل کیے بغیر کسی بھی ملازم کو طلبہ کے ساتھ براہ راست رابطے کی ذمہ داری نہیں سونپی جاسکے گی۔
محکمہ تعلیم نے صوبے کے تمام اضلاع کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع میں نجی اسکولوں کی انتظامیہ کو ان احکامات پر مکمل عمل درآمد کا پابند بنائیں۔
محکمہ تعلیم کے مطابق پنجاب کے متعدد نجی تعلیمی اداروں میں تدریسی اور غیر تدریسی عملے کو مناسب بیک گراؤنڈ چیکنگ، کریکٹر اور پولیس ویری فکیشن کے بغیر ملازمت دی جا رہی ہے، جس سے بچوں کی حفاظت کے حوالے سے سنگین خدشات پیدا ہوسکتے ہیں۔
تعلیمی اداروں کے ملازمین کی جانچ کی سابقہ تجویز
یاد رہے کہ گزشتہ برس پنجاب کے پراسیکیوٹر جنرل سید فرہاد علی شاہ نے تعلیمی اداروں میں اساتذہ اور دیگر ملازمین کی بھرتی سے پہلے ان کے کوائف نادرا کے سیکس آفینڈرز رجسٹر سے چیک کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔
اس سلسلے میں انہوں نے سیکرٹری پبلک پراسیکیوشن پنجاب کو خط لکھ کر معاملہ وفاقی وزارت قانون و انصاف کو بھجوانے کی درخواست کی تھی، تاکہ اس مقصد کے لیے باقاعدہ طریقہ کار وضع کیا جاسکے۔ اس تجویز میں پہلے سے تعینات عملے کے ریکارڈ کی جانچ بھی شامل تھی۔
خواتین اور بچوں کے تحفظ کے قوانین میں اصلاحات کا فیصلہ
دوسری جانب پنجاب حکومت نے خواتین اور بچوں کے تحفظ کے لیے موجودہ قوانین میں مزید اصلاحات متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے لا ریفارمز کوآرڈینیشن کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا، جس میں موجودہ قوانین کو مؤثر بنانے اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے پبلک پراسیکیوشن رانا بلال احمد نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان بہتر اشتراک مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین اور بچوں کے تحفظ کے لیے مزید عملی اقدامات ضروری ہیں۔
چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے کہا کہ ملزمان کو سزا دلوانے کے ساتھ متاثرہ خواتین کو ہر ممکن مدد فراہم کرنا بھی مشن کا حصہ ہے۔
اس موقع پر سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے اجلاس کو بتایا کہ مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پنجاب فرانزک سائنس اتھارٹی کی استعداد کار میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے حال ہی میں خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کے مقدمات میں تیز رفتار انصاف کی فراہمی کے لیے خصوصی عدالتیں قائم کرنے اور انسداد زیادتی سے متعلق نیا قانون متعارف کرانے کا اعلان بھی کیا تھا۔
حکومت کے مطابق ان اقدامات کا مقصد ایسے جرائم کی روک تھام، تفتیشی نظام میں بہتری اور ملزمان کو سزائیں دلوانا ہے۔
صوبے میں خواتین کے تحفظ کے لیے پنجاب پروٹیکشن آف ویمن اگینسٹ وائلنس ایکٹ 2016 جبکہ بچوں کے تحفظ کے لیے پنجاب ڈیسٹیٹیوٹ اینڈ نیگلیکٹڈ چلڈرن ایکٹ 2007 پہلے ہی نافذالعمل ہیں۔







