اسلام آباد میں یکم دسمبر 2026 سے میٹروپولیٹن کارپوریشن کے تمام دفاتر میں نقد لین دین مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، جس کے بعد ٹیکس، فیس، جرمانوں اور دیگر واجبات کی ادائیگیاں صرف ڈیجیٹل ذرائع سے وصول کی جائیں گی۔
ضلعی انتظامیہ نے کیش لیس اسلام آباد منصوبے پر عمل درآمد کا حکم جاری کردیا ہے۔ چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن اویس افضل نے 25 نومبر کو اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یکم دسمبر 2026 سے میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) کے کسی بھی دفتر، ڈائریکٹوریٹ، ونگ یا برانچ میں نقد رقم وصول نہیں کی جائے گی۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ ٹیکس، فیس، کرایوں، جرمانوں اور لائسنس فیس سمیت تمام قسم کی ادائیگیاں صرف ڈیجیٹل ذرائع سے ممکن ہوں گی۔ اس کے علاوہ پے آرڈر، ڈیمانڈ ڈرافٹ اور چیک کے ذریعے بھی ادائیگیاں قبول نہیں کی جائیں گی۔
نوٹیفکیشن میں ایم سی آئی کے تمام کیش کاؤنٹرز 30 نومبر تک بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسی طرح دستی رسیدوں کی کتابیں سیل کرکے متعلقہ اکاؤنٹس آفس میں جمع کرانے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
شہریوں کی سہولت کے لیے دفاتر میں آن لائن ادائیگیوں سے متعلق آگاہی نوٹس آویزاں کیے جائیں گے تاکہ عوام کو ڈیجیٹل ادائیگی کے طریقہ کار سے متعلق معلومات فراہم کی جاسکیں۔
تمام ڈائریکٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فیصلے پر عمل درآمد کی رپورٹ سات روز کے اندر چیف آفیسر کو جمع کرائیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یکم دسمبر کے بعد کسی بھی افسر یا اہلکار کی جانب سے نقد رقم وصول کرنے پر سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ اس خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ ڈائریکٹر اور دفتر کا سربراہ بھی ذاتی طور پر جواب دہ ہوگا۔







