پشاور: پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک (PEN) خیبرپختونخوا نے صوبائی وزیر تعلیم کو خط ارسال کرتے ہوئے تعلیمی سال اور بورڈ امتحانات کے مجوزہ شیڈول پر نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے۔
PEN ،کے صوبائی صدر محمد سلیم خان نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ مجوزہ شیڈول کے تحت امتحانات کے اوقات میں تبدیلی سے طلبہ کی تعلیمی سرگرمیاں اور پڑھائی متاثر ہوگی، جبکہ امتحانات کے نتائج میں تاخیر کے باعث طلبہ ملکی و غیرملکی جامعات اور دیگر تعلیمی اداروں میں بروقت داخلوں سے محروم ہوسکتے ہیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ مختلف ملکی و بین الاقوامی تعلیمی اداروں کے داخلوں کی آخری تاریخیں مقرر ہوتی ہیں، اس لیے امتحانات اور نتائج کے شیڈول میں تاخیر سے خیبرپختونخوا کے طلبہ کو داخلوں کے مواقع ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔
سلیم خان نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ تعلیمی کیلنڈر اور امتحانی شیڈول مرتب کرتے وقت طلبہ کے تعلیمی مستقبل، یونیورسٹی داخلوں اور والدین کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے







