آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹر اور ویسٹرن آسٹریلیا کے معروف آل راؤنڈر کیمرون گرین نے اپنی دیرینہ ساتھی ایملی ریڈوڈ سے شادی کرلی۔
27 سالہ کیمرون گرین اور ایملی ریڈوڈ نے شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں، جنہیں مداحوں کی جانب سے بھی توجہ مل رہی ہے۔
شادی کی تقریب کوٹسلو کے سوک سینٹر گراؤنڈز میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر کیمرون گرین سیاہ ٹکسیڈو جبکہ ایملی ریڈوڈ سفید عروسی لباس میں دکھائی دیں۔
تقریب کے اختتام پر دوستوں اور اہل خانہ نے نوبیاہتا جوڑے کو پھولوں کی بارش کے ساتھ رخصت کیا، جس کے بعد دونوں نے ایک ساتھ رقص بھی کیا۔
کیمرون گرین اور ایملی ریڈوڈ نے فروری 2025 میں اپنی منگنی کا اعلان کیا تھا۔ گرین نے یالنگپ میں ایملی کو شادی کی پیشکش کی تھی۔
دونوں منگنی سے قبل تقریباً پانچ سال سے ایک دوسرے کے ساتھ تعلق میں تھے۔ ایملی ریڈوڈ ماہر غذائیت ہونے کے ساتھ پی ایچ ڈی کی طالبہ بھی ہیں۔
کیمرون گرین اب تک آسٹریلیا کی جانب سے 39 ٹیسٹ میچز کھیل چکے ہیں۔ انہیں رواں ماہ کے آخر میں جنوبی افریقا کے دورے کے لیے آسٹریلوی ٹیسٹ اسکواڈ میں بھی شامل کیا گیا ہے۔







