عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی پرو لیگ کے ایک میچ کے دوران اپنے سابق ساتھی کھلاڑی آنجہانی ڈیوگو جوٹا کے نام پر روبن نیوس کے ساتھ بدتمیزی کرنے والے تماشائیوں کے خلاف شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان پر تاحیات پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق رونالڈو نے واضح کیا کہ ایسے منفی رویے کے حامل افراد کو اسٹیڈیمز میں داخل ہونے سے مستقل طور پر روک دینا چاہیے۔ یہ واقعہ بریدہ میں التعاون اور الہلال کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران پیش آیا، جہاں تماشائیوں کی جانب سے ‘جوٹا’ کے نعرے لگا کر نیوس کو اکسانے کی کوشش کی گئی۔ اس موقع پر روبن نیوس نے جذباتی ردعمل دیتے ہوئے اپنی آنکھ کی طرف اشارہ کیا اور پھر آسمان کی جانب دیکھا۔
واضح رہے کہ ڈیوگو جوٹا 3 جولائی 2025 کو اسپین میں ایک خوفناک سڑک حادثے میں اپنے بھائی آندرے سلوا سمیت دنیا سے رخصت ہو گئے تھے۔ روبن نیوس ان کے بے حد قریبی دوست تھے اور ان کی آخری رسومات کے دوران تابوت اٹھانے والوں میں شامل تھے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو پر اپنے ردعمل میں کرسٹیانو رونالڈو کا کہنا تھا کہ ایسی حرکتیں کھیل کے اصولوں کے خلاف ہیں اور فٹبال انتظامیہ کو حد سے تجاوز کرنے والوں پر سخت ترین یکطرفہ اقدامات کرنے چاہئیں۔
واقعے کے بعد الہلال کلب نے سعودی فٹبال فیڈریشن کو باضابطہ شکایت درج کرا دی ہے، جبکہ التعاون کلب، سعودی پرو لیگ اور فیڈریشن نے بھی ان ناگواری پیدا کرنے والے نعروں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انتظامی حکام کے مطابق ذمہ دار تماشائیوں کی شناخت کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے اور تمام قانونی قواعد کے تحت ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔







