چارسدہ: سرڈھیری پولیس نے بروقت اور مربوط کارروائی کرتے ہوئے اسلحے کی نوک پر اغواء ہونے والی 15/16 سالہ لڑکی کو ضلع ہنگو سے بحفاظت بازیاب کرلیا۔ کارروائی کے دوران ایک خاتون سمیت تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
ڈی پی او چارسدہ رفعت اللہ خان (PSP) نے سٹی پولیس اسٹیشن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 10 ستمبر 2026 کو تھانہ سرڈھیری پولیس کو ایک کم عمر لڑکی کے اغواء کی اطلاع ملی تھی۔ اطلاع ملتے ہی مقدمہ درج کرکے فوری طور پر پانچ خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں، جن کی نگرانی وہ خود کر رہے تھے۔ ان ٹیموں میں ایس پی انویسٹی گیشن عالمزیب خان، ڈی ایس پی سرڈھیری بلال حلیم، ایس ایچ او یاسین
خان اور دیگر افسران شامل تھے۔
پولیس ٹیموں نے مردان، راولپنڈی، گوجر خان، پشاور، ٹل، دوآبہ اور ہنگو کے علاقوں میں کارروائیاں کیں جبکہ ایک تکنیکی ٹیم نے 100 سے زائد موبائل نمبرز کا ڈیٹا اور سی ڈی آر حاصل کرکے باریک بینی سے تجزیہ کیا۔ جدید ٹیکنالوجی اور مسلسل تعاقب کے نتیجے میں مغویہ کا سراغ لگایا گیا اور اسے ضلع ہنگو سے بحفاظت بازیاب کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ دونوں خاندانوں کے درمیان رشتے کے تنازعے کے پس منظر میں پیش آیا۔ گرفتار ملزمان میں ایک خاتون سمیت دو مرد شوکت ولد ایاز اور ریاض ولد خانزادہ شامل ہیں۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈی پی او چارسدہ نے کہا کہ پولیس عوام بالخصوص خواتین کے جان و مال اور عزت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور شہریوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔







