جنوبی افریقہ کے صوبے مغربی کیپ میں ایک ہولناک سڑک حادثے کے نتیجے میں کم از کم 21 افراد جاں بحق جبکہ 4 شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
مقامی روڈ ٹریفک مینجمنٹ کارپوریشن کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ این ون ہائی وے پر پرنس البرٹ اور لیو گامکو کے قصبوں کے درمیان پیش آیا، جہاں دو منی بسیں اور ایک اسٹیشن ویگن باہم ٹکرا گئیں۔ حادثہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر ساڑھے گیارہ بجے رونما ہوا۔
شدید تصادم کے بعد این ون شاہراہ کو دونوں اطراف سے ترافیک کے لیے بند کر دیا گیا۔ انتظامیہ کی جانب سے گاڑی مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متبادل راستے استعمال کریں، تاخیر کا امکان پیش نظر رکھیں اور سفر کے دوران انتہائی احتیاط برتیں۔
خیال رہے کہ جنوبی افریقہ میں عوامی آمدورفت کے لیے 14 نشستوں والی منی بس ٹیکسیاں بنیادی ذریعہ سمجھی جاتی ہیں، جن کے ذریعے روزانہ لاکھوں افراد مختلف شہروں، اسکولوں، کام کی جگہوں اور صوبائی سرحدوں کے آر پار سفر کرتے ہیں۔







