کراچی میں آج بھی شدید گرمی کا راج، دوپہر کے وقت گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

کراچی میں آج بھی موسم دن بھر شدید گرم رہنے کا امکان ہے تاہم دوپہر کے وقت شہر کے مضافاتی علاقوں میں گرج چمک کے بادل بننے کا امکان ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ مختلف علاقوں میں محسوس ہونے والا درجہ حرارت 42 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔

شہر کے قریب ہواؤں کے باہمی ملاپ کے باعث دوپہر 12 سے 1 بجے کے بعد مضافاتی علاقوں میں گرج چمک کے بادل بننے کا امکان ہے۔

 

 

بحریہ ٹاؤن، ڈی ایچ اے سٹی، گڈاپ، بیجار، ڈمبا گوٹھ، اسکیم 33، ملیر، گلشن حدید، گلشن معمار، پورٹ قاسم اور اسٹیل ٹاؤن سمیت ملحقہ علاقوں میں اندھی کے ساتھ گرج چمک اور بارش ہو سکتی ہے۔

شہر کے دیگر علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش کے 45 سے 60 فیصد امکانات ہیں، تاہم مون سون کا نظام کمزور ہونے کے باعث مرکزی علاقوں میں بارش کی سرگرمیاں محدود رہنے کا امکان ہے

شدگرمی کے باعث مقامی طور پر گرج چمک کے بادل بن سکتے ہیں جبکہ کراچی کے لیے 14 سے 16 ستمبر کے دوران موسم کی صورتحال اہم قرار دی جا رہی ہے، تاہم فی الحال کسی شدید بارش کے اسپیل کی پیشگوئی نہیں کی گئی۔

 

 

دوسری جانب، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مون سون بارش کے پیش نظر بلدیاتی اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم دے دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے آج سے 16 ستمبر تک بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، لہٰذا تمام متعلقہ ادارے الرٹ رہیں۔

میئر کراچی کی جانب سے بارش کے دنوں تک محکمہ میونسپل سروسز اور انجینئرنگ کے عملے کو فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایات کی گئی۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہر کے مرکزی مقامات اور نالوں پر پانی کی نکاسی کے لیے پمپس اور پمپس اسٹیشنز تعینات کر دیے گئے ہیں۔ قلندریہ، زہری ہاؤس، حب ریور روڈ اور دیگر مقامات پر عملہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ساتھ ساتھ واٹر کارپوریشن اور سالڈ ویسٹ کا عملہ بھی فیلڈ میں موجود رہے گا۔

میئر کراچی نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی برسات کی صورتحال کو بہتر انداز میں ہینڈل کیا ہے، اب مزید بہتری لائیں گے۔ شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے مانیٹرنگ سیل تشکیل دیا جائے گا اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed