ضلع خیبر میں جمرود پولیس نے منشیات اسمگلنگ کی ایک کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک ملزم کو حراست میں لے کر اس کے قبضے سے 14 کلوگرام چرس برآمد کرلی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خیبر وقار احمد کی ہدایات پر منشیات فروشوں اور اسمگلروں کے خلاف ضلع بھر میں کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ایس ایچ او جمرود نفیس خان کی نگرانی میں انچارج نواب شاہ شہید چوکی معاذ الدین اور اسسٹنٹ انچارج واقف خان نے پولیس نفری کے ہمراہ علاقہ وزیر ڈھنڈ بائی پاس کے قریب گشت کے دوران ایک مشکوک شخص کو روکا۔
تلاشی لینے پر ملزم نعمان احمد ولد جنگی مرجان ساکن رکلے بھگیاری کے قبضے سے 14 کلوگرام چرس برآمد ہوئی، جو وہ پیدل اسمگل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
اس حوالے سے ڈی پی او خیبر وقار احمد کا کہنا تھا کہ منشیات فروش معاشرے اور بالخصوص نوجوان نسل کے دشمن ہیں، جن کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی جاری رکھی جائے گی اور علاقے سے منشیات کے مکمل خاتمے تک یہ مہم جاری رہے گی۔







