پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بارہویں ایڈیشن کے لیے کھلاڑیوں کی ڈائریکٹ سائننگ کا مرحلہ مکمل ہوگیا، جس میں راولپنڈیز نے آسٹریلوی آل راؤنڈر میتھیو شارٹ کو سب سے زیادہ 9 کروڑ 15 لاکھ روپے میں سائن کرلیا۔
ڈائریکٹ سائننگ کے دوران کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، اسلام آباد یونائیٹڈ، لاہور قلندرز، کراچی کنگز اور ملتان سلطانز نے بھی غیر ملکی کھلاڑیوں کو اپنے اسکواڈ کا حصہ بنایا، جبکہ گزشتہ ایڈیشن کی رنرز اپ حیدرآباد کنگزمین اور دفاعی چیمپئن پشاور زلمی نے کسی کھلاڑی کو براہ راست سائن نہیں کیا۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈیز نے آسٹریلیا کے جارح مزاج بیٹنگ آل راؤنڈر میتھیو شارٹ کو 9 کروڑ 15 لاکھ روپے میں حاصل کیا، جو اس مرحلے کے سب سے مہنگے کھلاڑی رہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر لوکی فرگوسن کو 7 کروڑ 63 لاکھ روپے میں سائن کیا، جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے نیوزی لینڈ ہی کے فاسٹ بولر میٹ ہینری کو 7 کروڑ 7 لاکھ روپے کے عوض ٹیم میں شامل کیا۔
اسی طرح لاہور قلندرز نے سری لنکا کے بیٹنگ آل راؤنڈر کمیندو مینڈس کو 6 کروڑ 38 لاکھ روپے میں حاصل کیا۔ کراچی کنگز نے انگلینڈ کے تجربہ کار لیگ اسپنر عادل رشید کو 6 کروڑ 20 لاکھ روپے جبکہ ملتان سلطانز نے آسٹریلوی فاسٹ بولر لانس مورس کو 5 کروڑ 50 لاکھ روپے میں سائن کیا۔
دفاعی چیمپئن پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگزمین نے ڈائریکٹ سائننگ کے بجائے ریٹینشن، کھلاڑیوں کے تبادلے اور پلیئر آکشن کے ذریعے اپنے اسکواڈ مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی ایس ایل 12 کے کھلاڑیوں سے متعلق قواعد
پی ایس ایل کے طے شدہ قواعد کے مطابق ہر فرنچائز زیادہ سے زیادہ سات کھلاڑی برقرار رکھ سکتی ہے، جن میں ڈائریکٹ سائننگ کے ذریعے حاصل کیے گئے کھلاڑی بھی شامل ہوں گے۔
بارہویں ایڈیشن کے لیے کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کی آخری تاریخ 13 جنوری 2027 مقرر کی گئی ہے۔
فرنچائزز کا سیلری کیپ کتنا ہوگا؟
پی ایس ایل 12 کے پلیئر آکشن میں ہر فرنچائز کے لیے سیلری کیپ 45 کروڑ روپے مقرر کیا گیا ہے۔ تاہم نئی ڈائریکٹ سائننگ کرنے یا گزشتہ سال کی ڈائریکٹ سائننگ کو برقرار رکھنے کی صورت میں یہ حد بڑھ کر 50 کروڑ 50 لاکھ روپے ہوجائے گی۔
قواعد کے مطابق ہر فرنچائز کو آکشن کے دوران کم از کم 36 کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ کرنا لازمی ہوگا۔
پی ایس ایل 12 کا آغاز پشاور سے ہوگا
پاکستان سپر لیگ کے بارہویں ایڈیشن کا آغاز پہلی مرتبہ پشاور میں افتتاحی میچ سے ہوگا، جبکہ ایونٹ کے مکمل شیڈول کا اعلان آئندہ ہفتوں میں متوقع ہے۔







