یوکرین جنگ کے آغاز سے اب تک 7 لاکھ 20 ہزار سے زائد روسی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ اندازوں کے مطابق اوسطاً ہر چار منٹ میں ایک روسی فوجی جان سے ہاتھ دھو رہا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق لیک ہونے والے روسی سرکاری اعداد و شمار کی بنیاد پر کیے گئے ایک تجزیے میں انکشاف ہوا ہے کہ فروری 2022 میں یوکرین پر روسی حملے کے آغاز سے اب تک روسی فوجیوں کی ہلاکتوں کی تعداد ساڑھے سات لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے۔
روس کے اپوزیشن میڈیا اداروں ’میڈیا زونا‘ اور ’میڈوزا‘ نے پیر کو اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ستمبر کے اختتام تک روس کے سرکاری ادارہ شماریات ’روس اسٹیٹ‘ کے ریکارڈ میں 4 لاکھ 90 ہزار روسی فوجیوں کی ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی تھی۔
تاہم رپورٹنگ میں تاخیر اور ان فوجیوں کو بھی شامل کرنے کے بعد، جنہیں جنگ کے دوران لاپتا قرار دیا گیا اور جن کی ہلاکت کا قوی امکان ہے، مجموعی تعداد 7 لاکھ 20 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق روسی فوجیوں کی ہلاکتوں کی یہ تعداد 1980 کی دہائی میں افغانستان کے خلاف سوویت جنگ اور 1990 کی دہائی سمیت 2000 کی دہائی کے ابتدائی برسوں میں ہونے والی دونوں چیچن جنگوں کے مجموعی روسی جانی نقصان سے بھی زیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق روس نے جنگ میں بڑھتی ہوئی ہلاکتوں سے متعلق معلومات کو محدود کرنے کے لیے 2025 میں آبادیاتی اعداد و شمار کی اشاعت روک دی تھی۔
میڈیا زونا، میڈوزا اور دیگر ذرائع ابلاغ کو روس اسٹیٹ کا سرکاری ڈیٹا اس وقت دستیاب ہوا جب یوکرین کے حامی دو ہیکر گروپس، بیلاروس کے ’سائبر پارٹیزنز‘ اور ’سائلنٹ کرو‘ نے رواں ماہ کے آغاز میں روس اسٹیٹ کے سرورز تک رسائی حاصل کی۔
تجزیے میں فوجیوں کی اموات کی رپورٹ ہونے کی تاریخوں اور ان کے سرکاری اندراج کے درمیان فرق کا جائزہ لیا گیا۔ اس ڈیٹا کا موازنہ لاپتا روسی فوجیوں کے اہل خانہ کی جانب سے شائع کیے جانے والے تلاش کے اشتہارات سے بھی کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اس طریقہ کار کے ذریعے اندازہ لگایا گیا ہے کہ تقریباً 2 لاکھ 30 ہزار ایسی ہلاکتیں ہو چکی ہیں جنہیں تاحال سرکاری طور پر رپورٹ نہیں کیا گیا۔







