پشاور ہائیکورٹ نے افغان سٹیزن کارڈز کی بنیاد پر پاکستانی شہریوں کے شناختی کارڈز منسوخ کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت کرتے ہوئے درخواست گزاروں کو نادرا کے متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے درخواست کی سماعت کی۔ دوران سماعت درخواست گزاروں کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پاراچنار سے تعلق رکھنے والے چھ پاکستانی شہریوں کے شناختی کارڈز افغان سٹیزن کارڈز کی بنیاد پر منسوخ کیے گئے ہیں۔وکیل نے بتایا کہ نادرا نے ان میں سے تین درخواست گزاروں کے شناختی کارڈز بحال کردیے ہیں، تاہم باقی تین شہریوں کے شناختی کارڈز تاحال بحال نہیں کیے گئے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ شناختی کارڈز کی منسوخی کے باعث درخواست گزاروں کو ملک بدری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔اس پر عدالت نے درخواست گزاروں کو ہدایت کی کہ وہ نادرا میں پیش ہوکر متعلقہ فورم کے سامنے اپیل دائر کریں۔چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے ریمارکس دیے کہ لوگوں نے دس، دس ہزار روپے لے کر افغان شہریوں کو اپنی فیملی ٹری میں شامل کیا۔ عدالت کے سامنے ہزاروں جعلی نکاح ناموں اور جعلی شناختی کارڈز کے معاملات بھی سامنے آئے ہیں۔بعدازاں عدالت نے درخواست پر سماعت ملتوی کردی۔







