جامعہ سوات نے بین الاقوامی سطح پر تعلیمی روابط کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت کرتے ہوئے بنگلہ دیش کی انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی چٹاگانگ (IIUC) کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے تحت دونوں جامعات کے درمیان تعلیمی و تحقیقی تعاون اور بین الاقوامی روابط کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔جاری اعلامیہ کے مطابق مفاہمتی یادداشت پر وائس چانسلر جامعہ سوات پروفیسر ڈاکٹر حسن الامین اور وائس چانسلر انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی چٹاگانگ پروفیسر محمد علی عزادی نے دستخط کیے۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر حسن الامین نے اس اہم تعلیمی شراکت داری کو ممکن بنانے میں قابل قدر معاونت اور سہولت کاری پر پروفیسر توحید کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جبکہ انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی چٹاگانگ کے وائس چانسلر پروفیسر محمد علی عزادی کے تعاون، حوصلہ افزائی اور بین الجامعاتی اشتراک کے وژن کو بھی سراہا۔پروفیسر ڈاکٹر حسن الامین نے اس معاہدے کو جامعہ سوات کے بین الاقوامی تعلیمی روابط کو وسعت دینے کی جانب تاریخی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس شراکت داری سے دونوں جامعات کے طلبہ اور اساتذہ کے لیے 2027ء اور اس کے بعد تعلیمی، تحقیقی اور بین الاقوامی تعاون کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں جامعات کے درمیان یہ تعاون اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں باہمی روابط کو مضبوط بنانے اور علمی و تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
جامعہ سوات کا چٹاگانگ یونیورسٹی سے تعلیمی معاہدہ طے







