ن لیگ کے 14 نوجوان رہنماؤں کا وفد چین پہنچ گیا

 

لاہور: پاکستان اور چین کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے مسلم لیگ ن کے 14 رکنی نوجوان رہنماؤں کا وفد چین پہنچ گیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے وژن کے تحت یہ وفد پاک چین تعاون کو نئی جہت دینے کے لیے چین کا دورہ کر رہا ہے۔

وفد کی قیادت رکن قومی اسمبلی رانا ارادت شریف خان کر رہے ہیں، جبکہ پنجاب ینگ پارلیمنٹرینز فورم کی صدر اور رکن پنجاب اسمبلی آمنہ حسن شیخ بھی وفد کا حصہ ہیں۔

وفد میں صوبائی اسمبلیوں کے ارکان سلطان باجوہ، اسامہ فضل، رانا شہریار، حیدر سلطان اور قاسم ندیم شامل ہیں۔ اس کے علاوہ رکن قومی اسمبلی عثمان اویسی اور شمائلہ رانا بھی وفد میں شامل ہیں۔

چین میں جاری 11 روزہ تربیتی پروگرام 3 دسمبر تک جاری رہے گا۔ اس دوران پاکستانی نوجوان رہنماؤں کو جدید طرز حکمرانی، چین کے ترقیاتی ماڈل، معاشرتی نظام اور قدرتی آفات سے بچاؤ کے طریقوں سے متعلق تربیت فراہم کی جائے گی۔

پروگرام کے تحت وفد چین آسیان مصنوعی ذہانت مرکز، ہواوے کے علاقائی ہیڈکوارٹر اور مختلف روبوٹکس مراکز کا دورہ بھی کرے گا۔ اس کے علاوہ جدید زراعت اور صحت کے مراکز کا مشاہدہ بھی تربیتی پروگرام میں شامل ہے۔

دورے کا بنیادی مقصد پاکستانی نوجوان قیادت کو جدید ٹیکنالوجی اور بہتر حکومتی نظام کے تجربات سے آگاہ کرنا ہے، تاکہ پاک چین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ڈیجیٹل ترقی، جدت اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پیدا کیے جاسکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed