ایرانی گلوکارہ پرستو احمدی کو 74 کوڑے مارنے کی سزا

ایران میں لازمی حجاب کے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے موسیقی کی پرفارمنس دینے پر گلوکارہ پرستو احمدی اور ان کی پروڈکشن ٹیم کے چار ارکان کو 74، 74 کوڑے مارنے کی سزا دے دی گئی۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے ایرانی ویب سائٹ امتداد کے حوالے سے بتایا کہ گلوکارہ اور ان کی ٹیم کے چار ارکان کو سزا پر عمل درآمد کرتے ہوئے کوڑے مارے گئے۔

امتداد کے مطابق وکیل مصطفیٰ نیلی نے بتایا کہ پرستو احمدی اور ان کے ساتھیوں کو آن لائن فحش اور غیر اخلاقی مواد تیار کرکے شائع کرنے اور عوامی اخلاقیات مجروح کرنے کے الزام میں سزا سنائی گئی تھی۔

رپورٹ کے مطابق پانچوں افراد کو 74، 74 کوڑے مارنے کے علاوہ فنکارانہ اور موسیقی کی سرگرمیوں میں حصہ لینے اور بیرون ملک سفر کرنے پر بھی دو سال کی پابندی عائد کی گئی ہے۔ تاہم ویب سائٹ نے یہ واضح نہیں کیا کہ آیا وکیل مصطفیٰ نیلی ان پانچوں افراد کی نمائندگی کررہے تھے یا نہیں۔
بغیر حجاب پرفارمنس کی ویڈیو کیسے سامنے آئی؟
ناروے میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم ہینگاو کے مطابق اس مقدمے کا تعلق دسمبر 2024 میں یوٹیوب پر جاری ہونے والی ایک ویڈیو سے ہے، جس میں پرستو احمدی مرد موسیقاروں کے ہمراہ پرفارم کرتی دکھائی دی تھیں۔

ویڈیو میں گلوکارہ نے ایران میں خواتین کے لیے لازمی قرار دیے گئے حجاب کے بغیر گلوکاری کی تھی۔ یہ پرفارمنس ایرانی دارالحکومت تہران کے جنوب میں واقع شہر قم میں ریکارڈ کی گئی تھی۔
ایران میں حجاب کا قانون اور احتجاج
ایران میں خواتین کے لیے لازمی حجاب کے قوانین 2022 میں بڑے پیمانے پر احتجاج کا سبب بنے تھے۔ یہ مظاہرے ایرانی کرد خاتون مہسا امینی کی زیر حراست ہلاکت کے بعد شروع ہوئے تھے، جنہیں مبینہ طور پر لباس سے متعلق ضابطوں کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا تھا۔

اس واقعے کے بعد ایران میں خواتین کے لباس اور حجاب سے متعلق حکومتی پابندیوں پر ملک گیر سطح پر احتجاج کیا گیا تھا۔
انسانی حقوق کی تنظیموں کا ردعمل
مغربی حکومتوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے پرستو احمدی اور ان کے ساتھیوں کو کوڑے مارنے کی سزا پر تنقید کرتے ہوئے اسے تشدد اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

دوسری جانب ایران انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق مغربی ممالک کے الزامات مسترد کرتا رہا ہے اور ان ممالک کو اپنے ہاں انسانی حقوق کی صورت حال پر توجہ دینے کا مشورہ دیتا ہے۔

رائٹرز کے مطابق ایرانی حکام نے اس معاملے پر تبصرے کے لیے بھیجی گئی درخواست کا فوری جواب نہیں دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed