ایران میں حاملہ 19 سالہ لڑکی والدین کے ہاتھوں قتل

 

ایران: مغربی ایرانی شہر سنندج میں 19 سالہ حاملہ لڑکی کو مبینہ طور پر اس کے والدین نے تشدد کے بعد قتل کردیا۔ انسانی حقوق کی تنظیم کے مطابق لڑکی نے اہل خانہ کو بتایا تھا کہ وہ ایک نوجوان سے تعلق کے نتیجے میں دو ماہ کی حاملہ ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مقتولہ کی شناخت حلیہ فتاحی کے نام سے ہوئی ہے، جس نے گزشتہ ہفتے اپنے اہل خانہ کو حمل کے بارے میں آگاہ کیا تھا۔

انسانی حقوق کی تنظیم ہینگاؤ کے مطابق لڑکی کے والد وریا فتاحی اور والدہ لیلا ویسی نے ہفتے کے روز پہلے عدالت میں اپنی بیٹی کے خلاف شکایت درج کرائی۔ بعد ازاں گھر واپس آنے پر اسے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور مرگی کی تقریباً 30 گولیاں زبردستی کھلائی گئیں۔

تنظیم کے مطابق جب والدین کو معلوم ہوا کہ لڑکی ابھی زندہ ہے تو اسے اسپتال لے جانے کے بجائے اس کے چہرے پر تکیہ رکھ کر دم گھونٹ دیا گیا۔

پولیس کو دیے گئے بیان میں والدین نے قتل کی وجہ غیرت کو قرار دیا۔ دوسری جانب ایران انٹرنیشنل کے مطابق صوبے کے محکمہ جرائم کے سربراہ نے بھی دوران تفتیش والدین کے اعتراف جرم کی تصدیق کی ہے، تاہم پولیس نے واقعے کی وجہ خاندانی تنازع بتائی ہے۔

انسانی حقوق کی تنظیموں ہینگاؤ اور ہانا نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے خواتین کے تحفظ کے لیے مؤثر قوانین کی عدم موجودگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایران میں ایک ہفتے کے دوران نوجوان خواتین کے قتل کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل 23 سالہ صدف حق بین کو سالگرہ کی تقریب کے دوران اس کے سابق دوست نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا، جبکہ 16 سالہ سوگند سیدی کی پانچویں منزل سے گرنے کے بعد موت واقع ہوئی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed