کراچی: سندھ حکومت نے پانچ پولیس سروس آف پاکستان (پی ایس پی) افسران کو بلوچستان منتقل نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو باضابطہ طور پر آگاہ کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے اس حوالے سے وفاقی حکومت کو خط ارسال کیا ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مذکورہ افسران مختلف اضلاع میں سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) کے عہدوں پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور صوبائی حکومت انہیں سندھ میں ہی برقرار رکھنا چاہتی ہے۔
خط میں شامل افسران میں ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ، ایس ایس پی جامشورو ظفر صدیق، ایس ایس پی سکھر احمد فیصل، ایس ایس پی مٹیاری عبدالعلیم بلو اور ایس ایس پی ٹنڈو محمد خان حسیب میمن شامل ہیں۔
سندھ حکومت نے اپنے خط میں اعتراض اٹھایا ہے کہ ان افسران کے تبادلے صوبائی حکومت سے مشاورت کیے بغیر کیے گئے ہیں۔ خط کے مطابق یہ اقدام سول سروس رولز 1954 اور سندھ رولز آف بزنس کی خلاف ورزی ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر مذکورہ افسران کو عہدوں سے ریلیو کرنے سے روک دیا گیا ہے۔







