پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار دانش تیمور نے اہلیہ اور اداکارہ عائزہ خان سے علیحدگی اور طلاق سے متعلق گردش کرنے والی خبروں پر خاموشی توڑ دی ہے۔
ویب ڈیسک کے مطابق دانش تیمور نے امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں منعقدہ ایک فنڈ ریزنگ تقریب میں شرکت کی، جہاں ان سے عائزہ خان کی غیر موجودگی اور دونوں کے ایک ساتھ ڈرامے میں کام کرنے کے حوالے سے سوالات کیے گئے۔
تقریب کے میزبان نے اداکار کو یاد دلایا کہ گزشتہ برس بھی ان سے یہی سوال کیا گیا تھا کہ وہ عائزہ خان کے ساتھ کسی ڈرامے میں کب نظر آئیں گے؟
اس پر دانش تیمور نے کہا کہ انہیں اکثر دونوں کے ایک ساتھ کام کرنے سے متعلق سوالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، تاہم ان کا جواب ہمیشہ یہی ہوتا ہے کہ وہ ایک اچھی کہانی اور مضبوط اسکرپٹ کے منتظر ہیں۔
اداکار کا کہنا تھا کہ صرف اس بنیاد پر ایک ساتھ ڈرامہ کرنا مناسب نہیں کہ دونوں حقیقی زندگی میں میاں بیوی ہیں، بلکہ کسی بھی مشترکہ منصوبے کے لیے معیاری کہانی کا ہونا ضروری ہے۔
انہوں نے عائزہ خان کی اداکاری کی صلاحیتوں کو بھی سراہا اور انہیں بہترین اداکارہ قرار دیا۔
عائزہ خان کی غیر موجودگی کی وجہ بھی بتا دی
گفتگو کے دوران جب دانش تیمور سے اہلیہ کی تقریب میں عدم شرکت کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے واضح کیا کہ الحمدللہ دونوں اب بھی ساتھ ہیں۔
ان کے مطابق عائزہ خان ان دنوں اپنی آنے والی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جس کے کچھ باقی مناظر اور پیچ ورک کی تکمیل ہونا ابھی باقی ہے۔
سوشل میڈیا پر صارفین کے مختلف تبصرے
دانش تیمور کی وضاحت کے باوجود سوشل میڈیا پر دونوں کی ازدواجی زندگی سے متعلق مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں۔
بعض صارفین نے سوال اٹھایا کہ اگر دونوں کے درمیان سب کچھ ٹھیک ہے تو وہ تقریبات میں ایک ساتھ کیوں دکھائی نہیں دیتے۔
ایک صارف نے پوچھا کہ دونوں ساتھ ہیں تو پھر تقریبات میں ایک دوسرے کے ہمراہ شرکت کیوں نہیں کرتے؟ ایک اور صارف نے کہا کہ طلاق سے متعلق افواہیں کافی عرصے سے گردش کر رہی ہیں، تاہم دونوں نہ تو ایک دوسرے کے ساتھ تصاویر شیئر کرتے ہیں اور نہ ہی اپنی خاندانی زندگی کے حوالے سے کوئی تازہ معلومات دیتے ہیں۔
کچھ سوشل میڈیا صارفین نے دانش تیمور کے جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیا، جبکہ متعدد مداحوں نے ان کی وضاحت پر اطمینان کا اظہار کیا اور خوشی ظاہر کی کہ اداکار نے واضح کردیا ہے کہ وہ اور عائزہ خان اب بھی ساتھ ہیں۔







