ترکیہ کے شہر استنبول میں واقع تاریخی عمارت آیا صوفیہ کے نیچے صدیوں سے پوشیدہ سرنگیں، زیرِ زمین کمرے اور ایک قدیم مقبرہ دریافت ہوئے ہیں، جس سے اس تاریخی مقام کے ماضی سے متعلق نئی معلومات سامنے آئی ہیں۔
آیا صوفیہ دنیا کی معروف تاریخی عمارتوں میں شمار ہوتی ہے اور یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں بھی شامل ہے۔ یہ عمارت بازنطینی عیسائی سلطنت اور سلطنتِ عثمانیہ دونوں کے ادوار میں غیر معمولی تاریخی اہمیت کی حامل رہی ہے۔
آیا صوفیہ 537 عیسوی میں بازنطینی دور کے دوران چرچ کے طور پر تعمیر کی گئی تھی۔ بعد ازاں پندرہویں صدی میں سلطنتِ عثمانیہ کی جانب سے قسطنطنیہ کی فتح کے بعد اسے مسجد میں تبدیل کردیا گیا۔ قسطنطنیہ کو آج استنبول کے نام سے جانا جاتا ہے۔
تقریباً ڈیڑھ ہزار سال سے اس عمارت کے نیچے خفیہ سرنگوں اور زیرِ زمین راستوں کی موجودگی سے متعلق مختلف روایات گردش کرتی رہی ہیں، تاہم فروری 2025 میں شروع ہونے والے بحالی کے کام کے دوران ماہرینِ آثار قدیمہ نے اہم دریافتیں کی ہیں۔
ماہرین کو اب تک 9 سرنگیں، پانی کی گزرگاہیں، گنبد نما زیرِ زمین کمرے اور ایک قدیم مقبرہ ملا ہے۔
420 میٹر سرنگوں سے ملبہ صاف کردیا گیا
دریافت ہونے والی سرنگوں میں سے اب تک تقریباً 420 میٹر حصے سے ملبہ ہٹایا جا چکا ہے، جبکہ ماہرین کا خیال ہے کہ زیرِ زمین راستوں کا یہ پورا نظام کئی کلومیٹر تک پھیلا ہوسکتا ہے۔
اب تک دریافت ہونے والی سب سے طویل سرنگ تقریباً 180 میٹر لمبی ہے۔ ماہرینِ آثار قدیمہ کے مطابق ممکن ہے کہ یہ سرنگ پانچویں صدی عیسوی کی ایک قدیم رومی سڑک سے منسلک ہو۔
دریافت ہونے والے بعض آثار کے بارے میں یہ بھی خیال کیا جارہا ہے کہ ان کی قدامت آیا صوفیہ کی موجودہ عمارت سے بھی زیادہ ہوسکتی ہے۔
تین سالہ بحالی منصوبے پر کام جاری
تین سالہ بحالی منصوبے کے تحت آیا صوفیہ کے زیرِ زمین حصوں سے اب تک تقریباً 3 ہزار ٹن ملبہ ہٹایا جا چکا ہے۔
ماہرین ان قدیم راستوں کا مکمل نقشہ تیار کرنے اور ان کی تاریخی حیثیت جاننے کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کر رہے ہیں، جن میں تھری ڈی لیزر اسکیننگ بھی شامل ہے۔
ترک ٹیلی ویژن پر بھی ان سرنگوں کی تصاویر نشر کی گئی ہیں، جن میں پہلی مرتبہ صدیوں سے پوشیدہ زیرِ زمین راستوں کی جھلک دکھائی گئی ہے۔
ترک حکام مستقبل میں ان سرنگوں اور زیرِ زمین حصوں میں سے بعض کو سیاحوں کے لیے کھولنے پر بھی غور کر رہے ہیں۔ ایسا ہونے کی صورت میں سیاحوں کو آیا صوفیہ کی تاریخ کے ایک نئے پہلو کو قریب سے دیکھنے کا موقع مل سکے گا۔







