کراچی کے کرکٹ شائقین کا دیرینہ مطالبہ تسلیم کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیشنل بینک اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کے دوسرے مرحلے کی تیاری کرلی ہے، جس کی تکمیل کے بعد اسٹیڈیم کو عالمی معیار کے وینیو میں تبدیل کردیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں بین الاقوامی اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز کے دوران اکثر اسٹیڈیم میں شائقین کی تعداد کم دکھائی دیتی ہے۔ کرکٹ شائقین کا کہنا ہے کہ گراؤنڈ کے اطراف موجود جنگلے اور نشستوں کی ناقص صورتحال میچ دیکھنے کے تجربے کو متاثر کرتی ہے۔ ان کے مطابق جب تک اسٹیڈیم میں بہتر سہولتیں فراہم نہیں کی جائیں گی، لوگ ٹکٹ خرید کر میچ دیکھنے میں دلچسپی نہیں لیں گے۔
پی سی بی نے شائقین کے اس مطالبے کو مدنظر رکھتے ہوئے اسٹیڈیم کی بہتری کا منصوبہ شروع کیا تھا۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 سے قبل تعمیراتی منصوبے کا پہلا مرحلہ مکمل کیا گیا، جس میں پانچ منزلہ نئے پویلین کی تعمیر، 24 ہاسپیٹیلٹی باکسز، ڈریسنگ رومز کی اپ گریڈیشن، نئی ایل ای ڈی فلڈ لائٹس اور ڈیجیٹل اسکرینز سمیت دیگر سہولتیں شامل تھیں۔
فیز ٹو کے لیے 5 ارب روپے سے زائد مختص
اب منصوبے کے دوسرے مرحلے کا آغاز جلد متوقع ہے، جس کے لیے پی سی بی کے سالانہ بجٹ میں بھی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔
پی سی بی کے سالانہ بجٹ میں طویل المدتی اور فکسڈ اثاثوں کی خریداری، تعمیر، مرمت اور بہتری کے لیے مجموعی طور پر 6 ارب 70 کروڑ 20 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔
اس کیپٹل اخراجات کے بجٹ میں انفرااسٹرکچر کے لیے 5 ارب 68 کروڑ 60 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ان میں سے 5 ارب 6 کروڑ 20 لاکھ روپے نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں تعمیراتی کام کے دوسرے مرحلے پر خرچ ہوں گے، جبکہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور کی اپ گریڈیشن کے لیے 62 کروڑ 40 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔
تماشائیوں کو میچ دیکھنے کا بہتر تجربہ ملے گا
منصوبے کے تحت اسٹیڈیم میں موجود جنگلے ختم کرکے ان کی جگہ خندقیں کھودی جائیں گی اور جال نصب کیے جائیں گے، تاکہ میچ کے دوران کوئی شائق گراؤنڈ میں داخل نہ ہوسکے۔ اس تبدیلی سے تماشائیوں کو میدان کا زیادہ واضح نظارہ بھی میسر آئے گا۔
اس کے علاوہ تمام انکلوژرز کے موجودہ اسٹینڈز بھی ختم کرکے نئے اسٹینڈز تعمیر کیے جائیں گے۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد نیشنل بینک اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کا تجربہ نمایاں طور پر بہتر ہونے کی توقع ہے، جس سے کرکٹ شائقین کو دوبارہ اسٹیڈیم کی جانب راغب کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
توقع کی جارہی ہے کہ تعمیراتی کام آئندہ سال ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے آغاز سے پہلے مکمل کرلیا جائے گا، تاہم اس حوالے سے تاحال حتمی تصدیق نہیں ہوئی اور تکمیل کا وقت کام کی رفتار سے مشروط ہوگا۔
اسٹیڈیم کی چھت کی تعمیر کا کام فی الحال بعد کے مرحلے میں کیا جائے گا۔







