روسی جنگی طیاروں کی جنوبی کوریا کی فضائی حدود کے قریب آمد پر سیئول نے فوری طور پر اپنے لڑاکا طیارے فضا میں بھیج دیے، جبکہ مشرقی ساحل کے قریب واقع جزیرے کے شہریوں کو عارضی طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت بھی جاری کردی گئی۔
24 نیوز کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ منگل کو پیش آیا، جب روسی جنگی طیارے جنوبی کوریا کی فضائی حدود کے قریب پہنچے۔ صورتحال کے پیش نظر جنوبی کوریا کی فضائیہ نے نگرانی اور فضائی سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے اپنے لڑاکا طیارے روانہ کیے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جزیرہ اُلیونگ میں تقریباً 9 ہزار افراد آباد ہیں۔ یہ جزیرہ جزیرہ نما کوریا کے مشرق میں تقریباً 130 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
روسی طیاروں کی نقل و حرکت کے بعد جزیرے کے رہائشیوں کے لیے فضائی حملے سے متعلق ہنگامی وارننگ جاری کی گئی اور انہیں محفوظ مقامات پر پناہ لینے کی ہدایت کی گئی۔
تاہم مقامی ڈیزاسٹر پورٹل پر جاری ہونے والے الرٹ پیغامات کے مطابق یہ وارننگ چند ہی منٹ بعد واپس لے لی گئی۔
بلومبرگ کے مطابق مشرقی ایشیا میں اس نوعیت کے واقعات پہلے بھی پیش آتے رہے ہیں۔ ماسکو کی فوجی سرگرمیوں میں اضافے کو امریکا کے اتحادی ممالک کی دفاعی تیاریوں کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔
اس واقعے کے بعد خطے میں فضائی سکیورٹی اور روسی فوجی سرگرمیوں سے متعلق خدشات ایک بار پھر نمایاں ہوگئے ہیں۔







