اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک میں سرکاری اداروں کو درپیش کرپشن کے خطرات سے متعلق قومی جائزہ رپورٹ جاری کردی ہے، جس کے مطابق بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں (ڈسکوز) سب سے زیادہ کرپشن رسک رکھنے والے اداروں میں سرفہرست ہیں، جبکہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) دوسرے اور کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) تیسرے نمبر پر ہے۔
رپورٹ کے مطابق کسی بھی ادارے کو ویری ہائی یا ایکسٹریملی ہائی رسک کیٹیگری میں شامل نہیں کیا گیا۔ تاہم بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں 61.1 اسکور کے ساتھ سب سے زیادہ خطرات کی حامل قرار پائی ہیں۔ رپورٹ میں صرف ڈسکوز کو ہائی رسک بینڈ میں رکھا گیا ہے۔
قومی جائزہ رپورٹ میں کرپشن کے خطرات سے متعلق 56 ادارہ جاتی ٹائپالوجیز، 10 کراس کٹنگ گورننس ٹائپالوجیز اور 18 ریگولیٹری ٹائپالوجیز کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔
رپورٹ میں سب سے زیادہ کرپشن رسک رکھنے والے 10 اداروں کی درجہ بندی بھی جاری کی گئی ہے، جس کے مطابق ایف بی آر 54.4 اسکور کے ساتھ دوسرے، سی ڈی اے 49.5 اسکور کے ساتھ تیسرے، پاکستان اسٹیٹ آئل کمپنی (پاسکو) 47.1 اسکور کے ساتھ چوتھے اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) 43.4 اسکور کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔
اسی فہرست میں پاکستان ریلوے 41.1 اسکور کے ساتھ چھٹے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) 40.1 اسکور کے ساتھ ساتویں اور پاکستان پوسٹ 39.9 اسکور کے ساتھ آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔
مزید برآں سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) 39.3 اسکور کے ساتھ نویں جبکہ ایویکیو ٹرسٹ پراپرٹی بورڈ (ای ٹی پی بی) بھی 39.3 اسکور کے ساتھ دسویں نمبر پر رہا۔







