اسلام آباد ہائیکورٹ نے ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کیس میں بی این پی کمپنی کی جانب سے درخواست واپس لینے پر مقدمہ نمٹا دیا۔
جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے بی این پی کمپنی کی جانب سے 2023 میں دائر کی گئی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں سابق چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نور عالم خان کی سربراہی میں کمیٹی کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا۔
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور قومی احتساب بیورو (نیب) کو بی این پی کمپنی کے خلاف کارروائی شروع کرنے کی ہدایت کی تھی۔
سماعت کے دوران جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ آیا وہ درخواست واپس لینا چاہتے ہیں یا عدالت سے کوئی حکم حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
اس پر بی این پی کمپنی کے وکیل نے درخواست واپس لینے کی اجازت طلب کی، جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔
عدالت کو بتایا گیا کہ اس معاملے پر پہلے ہی سنگل بینچ کا فیصلہ آچکا ہے، جبکہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی کارروائی اور وفاقی کابینہ کا فیصلہ بھی ہوچکا ہے۔
سماعت کے موقع پر کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی جانب سے وکیل کاشف ملک اور نیب کے پراسیکیوٹر رافع مقصود بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
واضح رہے کہ بی این پی کمپنی نے 2023 میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ کمیٹی نے معاملے کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے ایف آئی اے اور نیب کو کمپنی کے خلاف کارروائی شروع کرنے کی ہدایت کی تھی۔







