پشاور میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور سٹریٹ کرائمز کے مکمل خاتمے کے لیے کیپٹل سٹی پولیس پشاور کا "آپریشن سٹریٹ فائٹ” فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا ہے، جس کے تحت مختلف تھانوں کی حدود میں ہونے والے پولیس مقابلوں کے دوران 2 خطرناک سنیچرز ہلاک جبکہ 2 زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے ہیں۔
کیپٹل سٹی پولیس پشاور کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق شہریوں کو لوٹنے اور مزاحمت پر فائرنگ کرنے والے خطرناک سنیچرز کے خلاف تھانہ پہاڑی پورہ، تھانہ بھانہ ماڑی، تھانہ پشتخرہ اور تھانہ شاہ پور پولیس نے مؤثر کارروائیاں کیں۔ کارروائیوں کے دوران ملزمان اور پولیس کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 2 خطرناک سنیچرز ہلاک اور 2 زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے خطرناک سنیچرز کی شناخت زیشان ولد شاہی رضا سکنہ یکہ توت اور عرفان ولد عبدالقہار سکنہ گل آباد کے ناموں سے ہوئی ہے، جبکہ زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے ملزمان میں عرفان ولد محمد سلیم اور نوید عرف خانو ولد عبدالمجید شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار اور ہلاک ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق یہ ملزمان راہزنی، سنیچنگ اور فائرنگ کی متعدد سنگین وارداتوں اور مقدمات میں پشاور پولیس کو انتہائی مطلوب تھے۔
کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے واضح کیا ہے کہ شہر میں سٹریٹ کرائمز کے خاتمے، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور پُرامن ماحول کے قیام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔







