پاکستانی اداکار اور صحافی بابر عباس خان انتقال کر گئے

 

پاکستانی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے صحافی اور اداکار بابر عباس خان المعروف بابر ٹونی انتقال کر گئے۔

اداکار یاسر حسین نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی اسٹوری کے ذریعے بابر ٹونی کے انتقال کی اطلاع دی۔

یاسر حسین نے اپنی انسٹا اسٹوری میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ اس سے بری صبح کیا ہوگی جب کسی کو معلوم ہو کہ اس کا دوست دنیا سے رخصت ہوگیا ہے۔

تاہم یاسر حسین نے بابر ٹونی کے انتقال کی وجوہات یا دیگر تفصیلات سے متعلق کوئی معلومات فراہم نہیں کیں۔

بابر عباس خان المعروف بابر ٹونی نے اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کا آغاز 1988 سے 1991 تک فری لانسر کی حیثیت سے کیا تھا۔ بعد ازاں 1991 میں وہ ایک نجی اشتہاری ایجنسی سے بطور ایسوسی ایٹ کری ایٹو ڈائریکٹر وابستہ ہوگئے۔

انہوں نے صحافت اور اشتہارات کے شعبے میں کام کرنے کے علاوہ اداکاری میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ وہ ایک ایرانی ہدایت کار کی مختصر فلم میں بھی اداکاری کرچکے تھے۔

بابر ٹونی نے تحریری میدان میں بھی خدمات انجام دیں اور 13 اقساط پر مشتمل ڈرامہ سیریل ’ایک دفعہ کا ذکر ہے‘ لکھا، جو پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) سے نشر کیا گیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed