شین زین (شِنہوا) چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ ایشیا بحرالکاہل اقتصادی تعاون (اپیک) کے اقتصادی رہنماؤں کے 33ویں اجلاس نے خطے میں اقتصادی تعاون کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا ہے۔وانگ یی، جو کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن بھی ہیں، نے چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ کے شہر شین زین میں اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ رواں سال چین کی میزبانی میں ہونے والی سب سے اہم سفارتی تقریب تھی۔وانگ یی نے کہا کہ اجلاس میں اپیک رہنماؤں کا ایک جامع، عملی اور بلند عزائم پر مبنی شین زین اعلامیہ منظور کیا گیا جو اپیک کے "چائنہ ایئر” کا سب سے اہم نتیجہ اور تنظیم کے تعاون میں ایک نیا سنگ میل ہے۔
اجلاس کے دوران چینی صدر شی جن پھنگ نے یکجہتی اور باہمی تعاون، وسعت اور انضمام، جدت اور ترقی کے جذبے کے ساتھ ساتھ جامع ترقی پر مبنی ایشیا بحرالکاہل برادری کے قیام پر زور دیا۔وانگ یی کے مطابق صدر شی نے واضح کیا کہ ایشیا بحرالکاہل برادری کیسی ہونی چاہیے اور اسے کس طرح قائم کیا جا سکتا ہے، اس حوالے سے چین کی تجاویز بھی پیش کیں۔وانگ یی نے کہا کہ اجلاس نے ایشیا بحرالکاہل آزاد تجارتی علاقے کے قیام کی کوششوں کو بھی نئی تقویت دی ہے۔
انہوں نے اجلاس میں منظور کئے گئے اپیک کے رابطہ کاری کے منصوبے کو مزید موثر بنانے کو بھی اہم قرار دیا۔ اس منصوبے کا مقصد بنیادی سہولتوں کی ترقی، ترسیلی سلسلے کو مضبوط بنانے، پالیسی اور ضابطہ جاتی تعاون کو فروغ دینے اور لوگوں کی نقل و حرکت میں آسانی پیدا کرنا ہے۔
وانگ یی نے روزگار اور خوشحالی کے لئے ڈیجیٹل اور جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے سے متعلق اپیک کا بیان منظور کرانے میں چین کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بیان اے آئی اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں تعاون کو ہم آہنگ بنانے میں مدد دے گا تاکہ معیاری روزگار کے زیادہ مواقع، عوامی خدمات اور بنیادی ڈیجیٹل سہولتوں کو فروغ دیا جا سکے۔
چینی وزیر خارجہ نے ان اقدامات کا بھی ذکر کیا جن کا اعلان صدر شی جن پھنگ نے ایشیا بحرالکاہل تعاون کو فروغ دینے کے لئے کیا، ان میں ایشیا بحرالکاہل برادری مطالعاتی مرکز کا قیام، خلیجی علاقوں میں اقتصادی تعاون کے لئے عالمی تنظیم کے قیام کی تجویز اور عملی تعاون کے لئے مالی معاونت شامل ہیں۔
وانگ یی نے کہا کہ شین زین اجلاس نے ایشیا بحرالکاہل برادری کے قیام کے لئے بنیادی ترجیحات اور اہم ستونوں کا تعین کرنے کے ساتھ ساتھ ان پر عملدرآمد کا لائحہ عمل بھی وضع کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کہنا درست ہوگا کہ ایشیا بحرالکاہل برادری کے قیام کا سفر حقیقت میں شین زین سے شروع ہو چکا ہے۔







