خیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور نے ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کو فوری اور بروقت مختلف آپریشن کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے علیحدہ آپریشن تھیٹر کمپلیکس فعال کر دیا ہے۔یہ کمپلیکس ہسپتال کی پرانی آپریشن تھیٹر عمارت کی تزئین و بحالی کے بعد دوبارہ فعال کیا گیا ہے۔ اس میں چھ جدید آپریشن تھیٹرز شامل ہیں، جہاں جنرل سرجری، نیورو سرجری، بچوں کی سرجری، پلاسٹک سرجری، یورالوجی اور امراضِ نسواں کے ہنگامی آپریشنز کے لیے 24 گھنٹے سہولیات دستیاب ہوگی۔ہسپتال انتظامیہ کی مطابق اس اقدام سے ہنگامی مریضوں کے آپریشن میں تاخیر کم کرنے، مرکزی آپریشن تھیٹرز پر دبا گھٹانے اور مریضوں کو فوری اور بروقت علاج فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔کمپلیکس کا افتتاح خیبر میڈیکل کالج کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمود اورنگزیب نے کیا۔ اس موقع پر ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سجاد اللہ داوڑ، میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر اویس نعیم، ڈاکٹر ارم صابر علی، ڈاکٹر نثار احمد متعلقہ شعبہ جات کے سربراہان، انتظامی افسران اور آپریشن تھیٹر کا عملہ بھی موجود تھا۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر محمود اورنگزیب نے ہسپتال انتظامیہ اور متعلقہ عملے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اس سہولت کو عوام کو بہتر اور بروقت طبی خدمات فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔







