پشاور ہائیکورٹ نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے کنٹریکٹ ملازمین کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے ادارے کے بھرتی رولز تین ماہ کے اندر حتمی شکل دینے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے اس دوران ملازمین کے خلاف کسی بھی قسم کی منفی کارروائی سے گریز کرنے اور انہیں ماہانہ تنخواہیں جاری رکھنے کی بھی ہدایت کردی۔جسٹس اعجاز انور اور جسٹس فرح جمشید پر مشتمل پشاور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے رٹ درخواست پر فیصلہ جاری کیا۔فیصلے کے مطابق درخواست گزار ملازمین کا معاملہ این سی سی آئی اے کے بھرتی رولز سے منسلک ہے۔ درخواست گزار ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ میں کنٹریکٹ بنیادوں پر بھرتی ہوئے تھے، تاہم 2025 میں این سی سی آئی اے کے قیام کے بعد سابق سائبر کرائم ونگ کے فرائض نئی ایجنسی کو منتقل کردیے گئے۔درخواست گزاروں کے مطابق ان کے کنٹریکٹس میں صرف 30 جون 2026 تک توسیع کی گئی تھی، جبکہ انہیں مستقل کرنے کے بجائے نئی بھرتیوں اور ڈیپوٹیشن پر تقرریوں کا عمل شروع کردیا گیا تھا۔دورانِ سماعت ایف آئی اے کے نمائندے نے عدالت کو بتایا کہ این سی سی آئی اے کے مجوزہ بھرتی رولز منظوری کے لیے فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) کو بھجوائے جاچکے ہیں۔عدالت نے فریقین کی رضامندی اور دی گئی ہدایات کی روشنی میں بھرتی رولز تین ماہ میں حتمی شکل دینے، درخواست گزار ملازمین کے خلاف منفی کارروائی نہ کرنے اور ماہانہ تنخواہوں کی ادائیگی جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے رٹ درخواست نمٹا دی۔







