خیبرپختونخوا کے گورنر کے مشیر برائے اعلیٰ تعلیم ڈاکٹر سید عامر عبداللہ نے کہا ہے کہ زندگی کے ہر شعبے میں کامیابی کے لیے مسلسل محنت، حوصلے، عملی اقدامات اور دیانت داری جیسی اعلیٰ صفات اپنانا ضروری ہے، نوجوان طلبہ مثبت سوچ، سیکھنے کی صلاحیت اور مشکلات کا مقابلہ کرنے کا جذبہ پیدا کریں تاکہ روشن مستقبل کی بنیاد رکھ سکیں۔یونیورسٹی آف سوات کے تھیٹر ہال میں طلبہ کے ساتھ ایک سیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوان اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے مستقل مزاجی، لگن اور بھرپور محنت کو اپنا شعار بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف سوات کے طلبہ خوش قسمت ہیں کہ انہیں قابل اور تجربہ کار اساتذہ کی رہنمائی میسر ہے، انہیں کیمپس میں دستیاب تعلیمی اور دیگر مواقع سے بھرپور استفادہ کرنا چاہیے۔ڈاکٹر سید عامر عبداللہ نے کہا کہ روشن مستقبل کی تعمیر کے لیے تجسس، عاجزی، احساسِ ذمہ داری، ثابت قدمی اور باہمی تعاون جیسی بنیادی خصوصیات انتہائی اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تجسس طلبہ کو مسلسل سیکھنے، سوالات کرنے اور نئے خیالات تلاش کرنے کی ترغیب دیتا ہے، جبکہ عاجزی انسان کو دوسروں سے سیکھنے اور رہنمائی قبول کرنے کے قابل بناتی ہے۔انہوں نے کہا کہ احساسِ ذمہ داری انسان کو اپنے اعمال، فیصلوں اور نتائج کی ذمہ داری قبول کرنا سکھاتا ہے، جبکہ ثابت قدمی ناکامیوں کا سامنا کرنے، دوبارہ اٹھنے اور اعتماد کے ساتھ آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتی ہے۔ اسی طرح ٹیم ورک اور باہمی تعاون طلبہ کو مختلف آرا کا احترام کرتے ہوئے مشترکہ طور پر بڑے اہداف حاصل کرنے کے قابل بناتے ہیں۔انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ مایوسی کو خود پر غالب نہ آنے دیں بلکہ خود اعتمادی اور اپنے اعمال کے حوالے سے جوابدہی کو کامیابی کے عملی راستے کے طور پر اپنائیں۔اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف سوات پروفیسر ڈاکٹر حسن الامین نے استقبالیہ خطاب میں یونیورسٹی کی نمایاں کامیابیوں اور طلبہ کی ترقی کے لیے قائم کی جانے والی نئی شراکت داریوں پر روشنی ڈالی۔ سیشن کے دوران طلبہ نے بھرپور شرکت کی اور مختلف سوالات کیے جن کے ڈاکٹر سید عامر عبداللہ اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن الامین نے تفصیلی جوابات دیے۔تقریب کے اختتام پر مشیر برائے اعلیٰ تعلیم ڈاکٹر سید عامر عبداللہ، اسپیشل سیکرٹری فضل حسین، سیکشن آفیسر ڈاکٹر مشعل، معروف فنکار جمال شاہ اور ڈاکٹر اکرام الرحمٰن کو روایتی چادریں پیش کی گئیں۔قبل ازیں مشیر برائے اعلیٰ تعلیم نے اپنے دورے کے دوران ڈاکٹر فاروق شہید ہیلتھ سینٹر، اسٹوڈنٹس فسیلیٹیشن سینٹر اور ہنرکدہ سینٹر آف ایکسی لینس کی نئی عمارت کا افتتاح کیا۔بعد ازاں انہوں نے کمیٹی روم میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی، جس میں رجسٹرار ڈاکٹر ارشد علی خان اور دیگر انتظامی افسران نے اپنے اپنے شعبوں کی کارکردگی اور امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن الامین بھی موجود تھے۔







